۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔ سیشن کورٹ لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کے خلاف 10ارب روپے ہرجانے کے مقدمے میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بطور گواہ پیش ہوئے اور اپنا بیانِ حلفی قلمبند کرایا، عدالت نے بعض دستاویزات پر اعتراضات کے باوجود انہیں جمع کروانے کی اجازت دی، وفاقی وزیر عطاء تارڑ کو جرح کے لیے 15 نومبر کو طلب کرلیا گیا، دوران سماعت عطاء تارڑ نے شہباز شریف کے سیاسی کیریئر اور انتخابی کامیابیوں کا تفصیلی حوالہ دیا جبکہ الیکشن کمیشن کے گزٹڈ نوٹیفکیشنز بھی بطور شواہد پیش کیے۔ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے وزیراعظم شہباز شریف کے بانی پی ٹی آئی کے خلاف سو کروڑ روپے ہرجانے کے دعویٰپر سماعت کی۔جونیئر وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے سینئر کونسل اسلام آباد مصروف ہیں، کیس ملتوی کر دیا جائے۔
معزز جج نے کہا کہ چیف بیان قلمبند کرانے دیں اس میں کیا اعتراض ہے۔جونیئر وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارا اعتراض بیان کے پہلے لفظ سے ہے، بیان بھی سینئر وکیل کی موجودگی میں کرایا جائے۔معزز جج نے ریمارکس دیئے کہ ہم گواہ عطاء تارڑ کا بیان قلمبند کر لیتے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے عدالت کے روبرو بیان قلمبند کرانے سے پہلے حلف لیا۔ انہوں نے کہا کہ میں عطاء اللہ تارڑ وفاقی وزیر اطلاعات ہوں،جو کہوں گا سچ کہوں گا، سچ نہ بولوں تو اللہ مجھ سے ناراض ہو۔ انہوں نے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ مدعی شہباز شریف ایک عزت دار اور معزز گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، مدعی کی سیاسی اور سماجی خدمات سے پوری دنیا واقف ہے، مدعی نے 1988ء میں بطور رکن صوبائی اسمبلی اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا،مدعی شہباز شریف 1990ء میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رکن منتخب ہوئے، مدعی شہباز شریف 1993ء میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے منصب پر فائز ہوئے، 1997ء میں شہباز شریف بھاری اکثریت سے وزیر اعلی پنجاب منتخب ہوئے، 2008 ء میں پنجاب کے عوام نے ایک بار پھر شہباز شریف پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں وزیراعلی منتخب کیا، 2013ء میں مدعی شہباز شریف دوبارہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے رکن منتخب ہوئے، شہباز شریف ایک بار پھر وزیراعلی منتخب ہوئے اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔
وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے الیکشن کمیشن کا مصدقہ ریکارڈ بھی عدالت کے روبرو پیش کیا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے شہباز شریف پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے جن سے ان کی شہرت کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نقصان پہنچا۔بانی پی ٹی آئی نے پانامہ کیس کے دوران رشوت کی پیشکش کے الزامات مختلف ٹی وی پروگرامز اور عوامی اجتماعات میں بار بار دہرائے، بدنیتی پر مبنی جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے، یہ الزامات دیانتدار اور ترقیاتی کاموں کی وجہ سے جانے جاتے شہری کی ساکھ کو متاثر کرنے کے مترادف ہے۔ مدعلیہ نے جانتے بوجھتے مدعی پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے اور اسکو دہرایا، اس کے بعد 25اپریل 2017ء پشاور شوکت خانم کی تقریب میں بانی پی ٹی آئی نے ان الزامات کو دہرایا، دس ارب روپے کی پیشکش کا جھوٹا الزام آف دا ریکارڈ پروگرام مورخہ 26اپریل 2017کو لگایا، انہیں الزامات کو لائیو شو میں 27اپریل 2017کو دہرایا گیا۔
بانی پی ٹی آئی نے 2017کو پریڈ گراؤنڈ راولپنڈی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان الزامات کو دہرایا، جو چینل نے 28اپریل 2017کو نشر کیا، اسی طرح ایک اور عوامی اجتماع میں بانی پی ٹی آئی نے کراچی ائیرپورٹ پر ان الزامات کو دہرایا، جو الزامات 30اپریل 2017کو نشر کیا گیا، یہی الزامات پاکستان کے معروف آٹھ اخبارات انگریزی اور اردو میں شائع ہوئے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے عطاء اللہ تارڑ کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عطا اللہ تارڑ غیر متعلقہ دستاویزات عدالت میں پیش نہیں کر سکتے، یہ سارے اخبارات اور ویڈیو گواہ سے متعلقہ نہیں ہیں یہ پیش نہیں کر سکتے، عدالت میرا اعتراض نوٹ کرے۔
تاہم عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کے اعتراضات مسترد کر دیئے اور بعض دستاویزات پر اعتراضات کے باوجود انہیں جمع کروانے کی اجازت دی۔وفاقی وزیر عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ میں کچھ اور کاغذات جمع کرانا چاہتا ہوں جو اگلی تاریخ پر پیش کروں گا۔جج یلماز غنی نے کہا کہ اتنے ہو گئے ہیں اور کاغذات کسی اور گواہ کے ذریعے پیش کر دیجیے گا۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت 15نومبر تک ملتوی کردی