دہشتگردی کی آڑ میں ملکی وسائل پر قبضے کی اجازت نہیں دینگے،فضل الرحمان

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔قائد جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دہشتگردی کی آڑ میں ملکی وسائل پر قبضے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ منگل کو مانسہرہ میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ وقت کم ہے اور مقابلہ سخت ہے، لیکن پاکستان کا مستقبل ہمارا انتظار کر رہا ہے۔ ہم جس محاذ پر کھڑے ہیں وہ پاکستان کی تاریخ کا اہم محاذ ہے۔

ملک میں قوم کو آپس میں لڑایا جا رہا ہے۔ قوم کے سیاسی، سماجی اور معدنی حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا تو ہم ضرور آواز اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز قوتوں کی ناجائز پالیسیاں کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ ہماری زمین پر عالمی قوتوں کو سانپ کی طرح بٹھانا کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی آڑ میں قومی وسائل پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ 2010سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے،

لیکن مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ آپ کا کوئی بیرونی ایجنڈا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ حکمرانوں اور طاقتوروں کا فرض ہے کہ ہمارے شکوک و شبہات دور کرکے ہمیں مطمئن کریں۔ ہمارے سوالات کا جواب دینے کے بجائے ہماری کردار کشی کی جا رہی ہے۔ اب دوسری جماعتوں کی طرح چھپنے کے بجائے آپ کو میدان میں آنا ہوگا۔ پاکستانی قوم ہمارے ساتھ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دھاندلی کے ذریعے حکومتیں مسلط کریں گے تو ہم قبول نہیں کریں گے۔ 2018اور 2024کے انتخابات کو ہم نے تسلیم نہیں کیا۔ ہمارا سفر جرات و ہمت کے ساتھ جاری رہے گا، ان شا اللہ۔ یہ جدوجہد بے خوف و خطر جاری رہے گی۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.