اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ایک منظم سازش کے تحت کچھ ایسی قوتوں کے آلہ کار ہمارے اپنے لوگ بنے ہوئے ہیں جو بھارت اور اسرائیل کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ میں اراکین صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، رانا طاہر اقبال، چوہدری حسان ریاض اور امیدوار حلقہ پی پی 141 سید سجاد حسین شاہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے عناصر کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں کیونکہ وہ آہستہ آہستہ اپنے انجام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
پاکستان کی سالمیت کے ضامن ہماری افواجِ پاکستان ہیں اور افواج کو کمزور کرنا پاکستان کے خلاف سازش کے مترادف ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔رانا تنویر حسین نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا طرزِ عمل بالکل درست نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا مائنڈ سیٹ مذاکرات پر یقین نہیں رکھتا اور ان کا ذہن جمہوری اور پارلیمانی سوچ سے ہم آہنگ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی ایک طرف اسمبلیوں میں نہ بیٹھنے کی بات کرتے ہیں اور دوسری طرف سڑکوں پر نکلنے کی کال دیتے ہیں جو غیر سنجیدہ اور متضاد سیاست کی عکاسی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان کو سیاست میں رہنا ہے تو انہیں اپنے طرزِ عمل پر نظرِ ثانی کرنا ہوگی