اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ سینیٹ نیشنل ہیلتھ کمیٹی کو وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفی کمال نے بتایا ہے کہ اگلے دو سالوں کے دوران پاکستان میں ویکسین کی تیاری کا عمل شروع کردیا جائے گا انہوں نے کہاکہ وفاقی دارلحکومت کے ہسپتالوں میں عوام کو علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔سوموار کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ کا اجلاس چیرمین عامر ولی الدین کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ وفاقی وزیر اور سیکرٹری ہیلتھ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران کمیٹی کے رکن سینیٹر مسرور احسن نے کہاکہ ملک میں انفلوئنزہ کی نئی قسم آئی ہے اور اس حوالے سے این آئی ایچ کی جانب سے الرٹ بھی جاری ہوا ہے اس حوالے سے ہماری کیا تیاری ہے اور کیا اس کی ویکسین بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ نے کہاکہ ٹائپ اے انفلوائنزہ پوری دنیا میں ہے اور پاکستان میں بھی ہے اس کے سیمپل لئے جارہے ہیں۔
اس حوالے سے عوامی اگاہی دی جارہی ہے اس کی ویکسین بھی مارکیٹ میں دستیاب ہے اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان میں اس وقت 13بیماریوں سے بچنے کیلئے ویکسین حکومت مفت فراہم کرتی ہے اور اس کو درآمد کیا جاتا ہے انہوں نے کہاکہ 2030تک ویکسین کے حوالے سے بین الاقوامی امداد کم ہوتی جائے گی اور یہ اخر میں زیرو ہوجائے گی انہوں نے کہاکہ اس پر ہر سال حکومت ساڑے تین سو سے چار سو ملین ڈالر خرچ کرتی ہے اور جب عالمی امداد بند ہوجائے تو اس پر 1.2ارب ڈالر خرچ ہونگے انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے ہم نے کام شروع کردیا ہے تاکہ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری ممکن ہوسکے انہوں نے کہاکہ انڈیا پاکستان کی جنگ کے دوران ہماری ویکسین بند ہوگئی تھی تو پتہ چلا کہ یہ ویکسین انڈیا میں بنائی جارہی تھی
تین ممالک چائنہ،سعودی عرب اور انڈونیشیا کے ساتھ کام کر رہے ہیں اس وقت انڈونیشیا میں زیادہ تر ویکسین بنائی جارہی ہے اس حوالے سے چائنہ،سعودی عر ب اور انڈونیشیا کے حکام سے بات چیت جاری ہے سعودی عرب کی وزارت ہیلتھ کے ساتھ ویکسین کی تیاری کے سلسلے میں میٹنگز جاری ہیں ہم نے کہاکہ پاکستان اور سعودیہ جائنٹ وینچر کے طور پر ویکسین تیار کریں گے اس حوالے سے دونوں ممالک کے فوکل پرسنز تعینات کردئیے گئے انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان میں ویکسین پالیسی بنالی ہے اور پاکستان میں ٹاپ 20کمپنیوں کو اپنے ساتھ ملایا ہے انہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں 28جنوری کو سعودی وفد پاکستان آئے گا اور اگلے دو سالوں میں ہم ملکی سطح پر ویکسین کی تیاری ممکن ہوجائے گی