اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔پاکستان اور ایران نے دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دیتے ہوئے باہمی تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اس بات پر اتفاق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایرانی وزیر صنعت، کان کنی و تجارت ڈاکٹر محمد اتابک کی مشترکہ صدارت میں اسلام آباد میں منعقدہ 10ویں پاک۔ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی (جے ٹی سی) اجلاس میں کیا گیا، جہاں تجارت، سرمایہ کاری، سرحدی رابطوں اور نجی شعبے کے تعاون کو فروغ دینے کیلئے متعدد اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی، مذہبی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پاک۔ایران فری ٹریڈ ایگریمنٹ کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی لاجسٹکس، کسٹمز کلیئرنس اور کارگو نقل و حرکت میں حائل رکاوٹوں کو دور کیے بغیر تجارتی اہداف حاصل نہیں کیے جا سکتے۔جام کمال خان نے کہا کہ مشترکہ سرحدی منڈیوں کے قیام، الیکٹرانک ڈیٹا انٹرچینج اور جدید تجارتی سہولتوں کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔
پاکستان اور ایران کا نجی شعبہ کاروباری تعاون کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کیلئے سازگار، شفاف اور قابلِ اعتماد کاروباری ماحول فراہم کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ 10واں پاک۔ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی اجلاس ایک قابلِ عمل روڈ میپ مرتب کرے گا، جو دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔