اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ملک میں گیس کی قیمتوں میں اگلے چھ ماہ تک کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کو موسم سرما میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے کیا گیا ہے۔وزیر پٹرولیم نے مزید بتایا کہ گیس سیکٹر میں سرکلر ڈیٹ کا اضافہ رک گیا ہے اور نیا قرض پیدا نہیں ہو رہا۔ علاوہ ازیں، قطر سے اضافی ایل این جی کارگو عالمی منڈی میں منتقل کرنے کا کامیاب معاہدہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے، جس سے ملک میں گیس کی فراہمی کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
اصلاحات کے باعث تمام صارفین کے لیے گیس کی قیمتیں برقرار رہیں گی اور ملک بھر میں گھریلو صارفین کو بہتر فراہمی جاری ہے۔ علی پرویز ملک نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی مقامی گیس فیلڈ بند نہیں ہے، جبکہ بجلی گھر آئی جی سیپ ڈیمانڈ سے زائد گیس لے رہے ہیں۔وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ ایس این جی پی ایل میں یو ایف جی نقصانات 9 فیصد سے کم ہو کر 5 فیصد اور ایس ایس جی سی میں 17 فیصد سے کم ہو کر 10 فیصد ہو گئے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ گیس نیٹ ورک پر آئی او ٹی مانیٹرنگ سسٹم فعال ہے، اور پریشر ڈراپ کی صورت میں سوئی کمپنی فوری الرٹ ہو رہی ہے۔علی پرویز ملک نے کہا کہ گیس کی فراہمی کے اوقات صبح 5 بجے سے رات 10 بجے تک بڑھا دیے گئے ہیں تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے