بلوچستان کی مجوزہ میڈیا پالیسی پر سی پی این ای کے تحفظات، نظرثانی کا مطالبہ

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے حکومتِ بلوچستان کی مجوزہ میڈیا پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ پالیسی بنیادی نوعیت کی خامیوں کی حامل ہے اور اگر ان خامیوں کو دور نہ کیا گیا تو یہ پالیسی اپنے مقاصد حاصل کرنے کے بجائے میڈیا کے شعبے میں بے ترتیبی، عدم مساوات اور بدعنوانی کو فروغ دے سکتی ہے۔سی پی این ای کے جاری کردہ بیان کے مطابق مجوزہ میڈیا پالیسی واضح قواعد و ضوابط اور مؤثر ریگولیٹری فریم ورک سے محروم ہے، جس کے باعث اس کے شفاف اور منصفانہ نفاذ پر سنگین سوالات جنم لیتے ہیں۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے مختلف معیار مقرر کیے گئے ہیں، جو امتیازی طرزِ عمل کی عکاسی کرتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ جہاں پرنٹ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کے حصول کے لیے کم از کم دو سال کی باقاعدہ اشاعت کی شرط پوری کرنا ہوتی ہے، وہیں نئی پالیسی کے تحت محض رجسٹریشن کی بنیاد پر ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اشتہارات کا اہل قرار دینا غیر مساوی اقدام ہے۔سی پی این ای نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس پالیسی سے غیر پیشہ ور وی لاگرز، انفلوئنسرز اور عارضی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بغیر مؤثر جانچ پڑتال کے سرکاری اشتہارات حاصل کر سکیں گے، جس سے پیشہ ور صحافت اور صحافتی اقدار متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔بیان میں اس شق پر بھی اعتراض کیا گیا جس کے تحت سرکاری اشتہارات پہلے صرف دو اخبارات کو جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تنظیم کے مطابق اس سے محدود تعداد میں اخبارات کی اجارہ داری قائم ہونے اور دیگر قومی، علاقائی و مقامی اخبارات کے نظر انداز ہونے کا خطرہ پیدا ہو جائے گا۔سی پی این ای نے کہا کہ مجوزہ پالیسی سے بلوچستان کے علاقائی اور مقامی اخبارات کو سب سے زیادہ نقصان پہنچے گا، جس سے مقامی صحافت کمزور ہونے اور چھوٹے اخبارات کی بقا خطرے میں پڑنے کا خدشہ ہے۔ تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ اشتہارات کی تقسیم کے لیے واضح، شفاف اور میرٹ پر مبنی طریقہ کار نہ ہونے کی وجہ سے اقربا پروری، بے ضابطگی اور بدعنوانی کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔بیان میں اس امر کی نشاندہی بھی کی گئی کہ بلوچستان کے متعدد علاقوں میں اب بھی بجلی، انٹرنیٹ اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات محدود ہیں، اس لیے مکمل طور پر ڈیجیٹل بنیادوں پر میڈیا پالیسی نافذ کرنا زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا۔

سی پی این ای نے یہ بھی کہا کہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا جیسے صوبوں میں بہتر ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے باوجود پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے درمیان نسبتاً متوازن پالیسی اپنائی گئی ہے۔سی پی این ای نے حکومتِ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ مجوزہ میڈیا پالیسی پر فوری نظرثانی کی جائے، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا کے لیے الگ الگ اشتہاری فنڈز مختص کیے جائیں، سرکاری اشتہارات کی تقسیم کو شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی بنایا جائے، جبکہ باقاعدہ اشاعت رکھنے والے اخبارات کی ویب سائٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ترجیح دی جائے تاکہ ذمہ دار صحافت کو فروغ مل سکے۔تنظیم نے خبردار کیا کہ اگر اس کے تحفظات کو دور نہ کیا گیا اور پرنٹ میڈیا کے جائز مفادات کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا تو سی پی این ای یہ معاملہ متعلقہ حکومتی فورمز اور دیگر ادارہ جاتی سطحوں پر بھرپور انداز میں اٹھائے گی۔ بیان میں حکومتِ بلوچستان پر زور دیا گیا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ایسی متوازن، منصفانہ اور قابلِ عمل میڈیا پالیسی مرتب کی جائے جو پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا دونوں کے مفادات کا یکساں تحفظ یقینی بنا سکے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.