اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔امریکہ کی تاریخ میں پہلی بار کسی امریکی شہر کے میئر اور ڈپٹی میئر دونوں پاکستانی مسلمان منتخب ہوگئے۔میڈیاکے مطابق امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر کیمبرج میں پہلی بار میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب میں دونوں عہدوں پر پاکستانی نژاد نوجوان منتخب ہوئے ہیں۔
اس سلسلے میں 5 جنوری کو ہونے والے انتخاب میں کراچی کی سنبل صدیقی سال 2026/27 کے لیے تیسری مرتبہ کیمبرج سٹی کی میئر اور بورے والا کے برہان عظیم کیمبرج سٹی کے کم عمر ترین ڈپٹی میئر منتخب ہوگئے۔بتایا گیا ہے کہ کراچی سے تعلق رکھنے والی سنبل صدیقی پیشے کے اعتبار سے وکیل ہیں جو امریکہ میں سیاسی میدان میں بھی نمایاں رہی ہیں، سنبل صدیقی پہلی بار سال 2017 میں کیمبرج کونسل کے لیے منتخب ہوئی تھیں۔
اس کے بعد وہ سال 2020 سے 2024 تک دو بار کیمبرج کی میئر رہ چکی ہیں، ریاست میساچوسٹس کی تاریخ میں سنبل صدیقی کمیبرج کی پہلی مسلمان میئر اور ایشیائی خاتون ہیں جو مسلسل تیسری بار میئر منتخب ہوئی ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ صوبہ پنجاب کے شہر بورے والا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر منیر چوہدری کے بیٹے برہان عظیم ایم آئی ٹی یونیورسٹی بوسٹن سے انجینیئر کی ڈگری حاصل کرچکے ہیں، برہان عظیم اس سے پہلے کیمبرج سٹی کی تاریخ کے کم عمر ترین کونسلر کے طور پر بھی منتخب ہو چکے ہیں اور اس مرتبہ دوسری بار کونسلر منتخب ہونے کے بعد کم عمر ترین ڈپٹی میئر بھی بن گئے