حکومت کا آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق شوگر سیکٹر سے نکلنے کا فیصلہ

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع وزارتِ صنعت و پیداوار کے مطابق شوگر سیکٹر سے حکومتی کنٹرول ختم کرنے کے لیے تجاویز تیار کر کے منظوری کے لیے وزیرِ اعظم آفس کو ارسال کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق نئی پالیسی کے تحت کسانوں کو گنا کاشت کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہو گی اور گنے کی کاشت پر کسی زون یا مخصوص اقسام کی پابندی نہیں ہو گی۔

کسان کسی بھی شوگر مل کو گنا فروخت کرنے یا گڑ بنانے میں آزاد ہو گا۔دستاویزات کے مطابق گنے اور چینی کی قیمت کا تعین اب مارکیٹ فورسز کریں گی جبکہ سرکاری سطح پر مقرر کم از کم قیمت ختم کر دی جائے گی۔ شوگر ملز کو گنے اور خام مال کی پراسیسنگ کی مکمل آزادی دی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹھ ماہ بند رہنے والی شوگر ملز کو بیرونِ ملک سے خام چینی منگوا کر ریفائن کرنے کی اجازت ہو گی۔ شوگر ملز خام چینی درآمد کر کے ری ایکسپورٹ بھی کر سکیں گی۔

پالیسی تجاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ حکومت چینی کی برآمد پر کسی قسم کی سبسڈی فراہم نہیں کرے گی جبکہ ملک میں نئی شوگر ملز لگانے پر عائد پابندی ختم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ چینی کی درآمد اور برآمد پر عائد سرکاری پابندیاں بھی ختم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔کسانوں کو نقصان سے بچانے کیلئے ممنوعہ گنے کی اقسام کی فہرست بوائی سے قبل جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ شوگر ملز کو باہر سے خام شوگر منگوا کر ریفائن کر کے ایکسپورٹ کی اجازت ہوگی

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.