شہداء کا خون قومی زندگی کے تانے بانے میں رچا بسا ہے،بلاول بھٹو

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے غازیوں اور بہادر جوانوں کو سلام پیش کیا ہے۔اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے شہداء کے اہلِ خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع،خودمختاری اور سربلندی کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوتوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان کیلئے دی جانے والی لازوال قربانیوں کی ایک پرعزم یاد دہانی ہے، ہمارے شہداء کا خون قومی زندگی کے تانے بانے میں رچا بسا ہے اور ان کی قربانی ہمیشہ قوم کیلئے ایک مقدس امانت رہے گی۔انہوں نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں نے اپنے پیاروں کی ناقابلِ تلافی جدائی کے غم کو غیر معمولی حوصلے اور وقار کے ساتھ برداشت کیا ہے، پوری قوم ان کے جذب ایثار اور قربانی کو سلام پیش کرتی ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ مسلح افواج نے دہشت گردی سمیت ہر خطرے کے خلاف ملک کے دفاع کا فریضہ غیر متزلزل عزم، بہادری اور استقامت سے جاری رکھا ہے۔

ملک کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کیلئے پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مضبوط ترین دفاع صرف عسکری قوت میں نہیں بلکہ قومی یکجہتی، جمہوریت، آئینی بالادستی، معاشی اور سماجی انصاف میں بھی مضمر ہے۔ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں اور جمہوریت، مساوات اور انصاف کے اصولوں پر متحد قوم ناقابلِ شکست ہوتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایک مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔ بھٹو شہید اور بی بی شہید نے شدید عالمی دباؤ کے باوجود جوہری پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو آگے بڑھا کر ملکی دفاع کی ناقابلِ تسخیر بنیاد قائم کی۔

ملکی دفاع کی اس ناقابلِ تسخیر بنیاد نے اس امر کو یقینی بنایا کہ پاکستان کی خودمختاری کو کبھی بیرونی دباؤ یا فیصلوں کا یرغمال نہ بنایا جا سکے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک مضبوط، خودمختار، جمہوری اور پرامن پاکستان کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پاکستان کو ان کی قربانیوں کے شایانِ شان ملک بنایا جائے، ایسا پاکستان جہاں جمہوریت پروان چڑھے، انصاف کا بول بالا ہو اور ہر شہری عزت، وقار اور امید کے ساتھ زندگی گزار سکے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.