اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ دو خاندانوں کی سیاست کو عمران خان نے توڑا ہے۔کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ چور ڈاکو جیل میں ڈیل کرتے تھے، پہلی بار انہیں ٹکر کا لیڈر ملا، وہ سمجھتے تھے پی ٹی آئی کا لیڈر جیل میں ٹوٹ جائے گا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ جعلی حکومت سپریم کورٹ کا حکم ردی کی ٹوکری میں ڈال دیتی ہے، ججز کے فیصلے کونہ ماننا عدلیہ کی تذلیل ہے، 27ویں ترمیم کے بعد عدلیہ مفلوج ہوگئی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کو انصاف نہیں دیاجارہا، بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکالنا ہے، اگر ہم سوئے رہے تو لٹیرے اقتدار میں رہیں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام کو دہشت گرد قرار دینا پاکستان کو تقسیم کرنے کی سازش ہے، ایسے بیانات قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔
میرپورخاص میں اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان سمیت ملک کے تمام عوام پاکستانی ہیں، انہیں کسی بھی صورت تقسیم نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے ہی نہیں بلکہ انہیں اقتدار میں لانے والوں سے بھی نفرت کرنے لگے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب کی وزیراعلیٰ بھارت کو دوست قرار دیتی ہیں اور انہیں بھارت سے کوئی مسئلہ نہیں، تاہم پاکستان کے سرحدی صوبوں سے متعلق ایسے بیانات دیے جا رہے ہیں۔
ان کے بقول حکمرانوں کے یہ طرزِ عمل ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے، اگر پاکستان کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو وہ اس کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوں گے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ عوام کو غربت، جہالت اور بھوک میں دھکیلنے والی پالیسیاں کسی صورت قابل قبول نہیں، حکمرانوں کے مفادات عوام کے مفادات سے متصادم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطیر بجٹ کے باوجود اگر عوام کو ترقی، اسکول، کالج اور اسپتال میسر نہ ہوں تو یہ صورتحال قابل تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ عوام کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے اور آج کے اجتماعات اسی مقصد کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں۔