اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔حکومت کی جانب سے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کا عمل شروع کرنے کی خواہش کے بعد تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کا ردِعمل سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک نے حکومت سے مذاکرات کو متعدد شرائط سے مشروط کر دیا ہے، تاہم حکومتی لچک کی صورت میں بات چیت کے امکانات کو مکمل طور پر رد بھی نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کو سیاسی مذاکرات کا مکمل اختیار حاصل ہے اور حکومت کے ساتھ ممکنہ مذاکرات میں محمود خان اچکزئی مرکزی کردار ادا کریں گے۔ مذاکرات کے آغاز کے لیے پہلی شرط اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر محمود خان اچکزئی کی تقرری کے نوٹیفکیشن کا اجرا قرار دیا گیا ہے۔تحریک کی جانب سے 1973 کے آئین کو اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کو بھی بنیادی شرط بنایا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی مبینہ پامالیوں کے خاتمے کا مطالبہ بھی مذاکراتی ایجنڈے میں شامل ہوگا۔ذرائع کے مطابق تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان بانی تحریکِ انصاف سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا معاملہ بھی حکومت کے سامنے رکھے گی۔ مزید برآں، ایک شفاف اور بااختیار الیکشن کمیشن کے قیام اور آئندہ عام انتخابات کے لیے واضح اور قابلِ قبول ٹائم فریم طے کرنے کی شرط بھی شامل کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے سنجیدگی اور لچک کا مظاہرہ کیا تو محمود خان اچکزئی حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہوں گے۔ بانی چیئرمین کی جانب سے بھی محمود اچکزئی کو مذاکرات کے لیے گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔حکومتی سطح پر پیشرفت کی صورت میں تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان مذاکرات کی کامیابی کے حوالے سے پْرامید ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومتی اقدامات اور عملی پیشرفت سے مشروط ہوگا