اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کو جمعرات کی صبح بے ہوشی کی حالت میں گوا کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ان کا انتقال بظاہر دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نانا پاٹیکر گوا میں واقع اپنے فلیٹ میں شدید سینے میں درد کی شکایت کے بعد بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق اداکار کی جانب سے شدید سینے میں درد کی شکایت کے بعد طبی ٹیم کو ان کے فلیٹ پر بھیجا گیا تھا۔ ٹیم کے پہنچنے پر اداکار بے ہوش تھے، بعد ازاں انہیں فوراً اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کردی۔
نانا پاٹیکر کی موت کی اصل وجہ کا تعین کرنے کے لیے آج پوسٹ مارٹم کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ہندی و مراٹھی سنیما کے انتہائی باوقار اداکاروں میں شمار ہوتے تھے۔
انہوں نے 1978 میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نانا پاٹیکر کو 3 نیشنل فلم ایوارڈز سے نوازا گیا جبکہ انہیں 2013 میں پدم شری کا اعزاز بھی دیا گیا۔
بالی وڈکنگ شاہ رخ خان نے ایکس پر جاری بیان میں نانا پاٹیکرکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا وہ کبھی آپ کی خوشامد نہیں کرتے تھے، وہ آپ کو وہ نہیں بتاتے تھے جو آپ سننا چاہتے تھے، بلکہ وہ بتاتے تھے جو آپ کے لیے سننا ضروری ہوتا تھا، وہ مجھ سے محبت کرتے تھے اور میں بھی ان سے بے حد محبت کرتا تھا۔
شاہ رخ نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ جب میں پہلی بار ان سے ملا تو ان کی شخصیت سے مرعوب اور کچھ جھجھکتے ہوئے میں نے اپنے بالوں سے کھیلنا شروع کر دیا، انہوں نے فوراً میرا ہاتھ جھٹک دیا اور کہا ‘ہیرو کی طرح بال مت بنا، تم ایک اداکار ہو۔
شاہ رخ کے مطابق وہ میرے استاد، رہنما، ناقد اور دوست تھے۔آپ نے صرف فلمی دنیا میں ہی نہیں بلکہ کروڑوں بھارتیوں اور پوری دنیا کے لوگوں کے دلوں میں بھی ایک ایسا خلا چھوڑ دیا ہے جو کبھی پُر نہیں ہو سکےگا۔ میں صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ میں آپ کو بہت یاد کروں گا اور آپ کی باتوں کو زندگی کے آخری لمحے تک اپنے دل میں سنبھال کر رکھوں گا کہ’ہیرو بننے کے چکر میں اداکار مت کھونا’۔
شاہ رخ نے مزید لکھا کہ اللہ آپ کی روح کو سکون عطا فرمائے اور آپ پر اپنی رحمت نازل کرے، آپ سے بہت محبت ہے اور آپ کی بہت یاد آئےگی۔