کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ترمیمی بل 2025 کثرتِ رائے سے منظور

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)ترمیمی بل 2025 کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا۔ بل کی منظوری کے فورا بعد اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے اسپیکر ڈائس کے سامنے پہنچ کر نعرے بازی شروع کر دی۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اپوزیشن احتجاج کی قیادت کرتے رہے جبکہ اپوزیشن ارکان نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی تصاویر بھی اٹھا رکھی تھیں۔اس موقع پر اپوزیشن رکن بیرسٹر گوہر علی خان اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کے ڈائس پر پہنچے اور ان سے براہِ راست گفتگو کی۔ بعد ازاں بیرسٹر گوہر نے نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے بعد پوری قوم شدید تشویش میں مبتلا ہے، جمہوریت کے دشمن چاہتے ہیں کہ ملک میں لڑائی بڑھے، ہم چاہتے ہیں کہ اس کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے ایوان اپنا کردار ادا کرے۔

ہم نے اس ایوان میں 180 اراکین کے ساتھ بیٹھنا تھا لیکن ہمارے ارکان کی تعداد فارم سینتالیس کے ذریعے کم کر دی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ہم نے احتجاج کے باوجود وزیراعظم کی بات چیت کی پیشکش پر آپ کے ذریعے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی۔ بیرسٹر گوہر نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر نامزد کیا جائے تاکہ ان کے ذریعے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز کیا جا سکے۔ ہمیں ایک دوسرے کو جگہ دینی ہوگی اور “ایسی کی تیسی” والی پالیسی سے پیچھے ہٹنا ہوگا کیونکہ اس پالیسی سے نقصان ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایک مائنس کیا گیا تو پھر یہ ایوان بھی مائنس ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تیلی پھینکنے کی بجائے سیز فائر کرنا ہے، پہلے ہم اپنے لیڈر کی رہائی چاہتے تھے اب ملاقات کا مطالبہ کر رہے ہیں، اگر ہمیں دیوار سے لگایا گیا تو یہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہوگا۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس دن معاملہ عدالت سے نکلے گا، اپوزیشن لیڈر کی تقرری کا عمل شروع کر دوں گا۔

میں نے پہلے بھی اپنا کردار ادا کیا تھا مگر مجھے دس قدم پیچھے ہٹنا پڑ گیا، اب بھی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں، حکومت اور اپوزیشن آپس میں مشاورت کریں اور بات چیت کے ذریعے معاملات حل کریں۔خیبرپختونخوا خصوصا مردان میں گیس لوڈشیڈنگ کے حوالے سے توجہ دلا نوٹس پیش کیا گیا۔ رکن اسمبلی نعیمہ کشور خان نے کہا کہ پورے صوبے میں گیس کی شدید لوڈشیڈنگ جاری ہے اور کھانے کے اوقات میں گیس کی دستیابی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ اس پر وزیر مملکت علی پرویز ملک نے بتایا کہ وزیراعظم اس مسئلے پر میٹنگز کر چکے ہیں اور مردان میں دو مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی جہاں کام مکمل کرکے مسئلہ حل کر دیا گیا ہے، بعدازاں قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ کے روز صبح گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا گیا

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.