قومی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی ناگزیر ہیں، سیدال ناصر

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے چیئرمین سینیٹر مولانا عطاء الرحمن، قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر رانا محمود الحسن، مختلف پارلیمنٹرینز، وکلاء، دانشوروں، سول سوسائٹی، تاجر برادری، چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات نے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال، امن و امان، قومی ترقی اور خطے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کو خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کے ساتھ مسلم دنیا میں باہمی اتحاد، اعتماد اور اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔ موجودہ عالمی حالات میں سکیورٹی چیلنجز کسی ایک ملک تک محدود نہیں، اس لیے مشترکہ تعاون اور باہمی مشاورت وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سیدال خان ناصر نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ موجودہ سیاسی و عسکری قیادت کی مدبرانہ حکمت عملی کے باعث دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود، معاشی استحکام اور ملکی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.