اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ہے کہ پاکستانی یونیورسٹیوں سے افغان طلبا کو بے دخل کرنا افسوسناک اور تعلیم دشمنی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے مل کر اقدامات اٹھانے چاہئیں ۔بدھ کو اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت سے غیر ملکی طلبہ کے حوالے سے اپنے حالیہ فیصلوں پر نظرثانی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سیاسی بنیادوں پر دشمنی کو نئی نسل اور نوجوانوں تک نہیں لے جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی طلبہ کے ساتھ امتیازی سلوک پاکستان کے مفاد میں نہیں جبکہ دنیا کے بڑے ممالک تعلیم کو سفارت کاری اور معیشت کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ چین، امریکہ اور برطانیہ سمیت دنیا کے بڑے ممالک غیر ملکی طلبہ کو اسکالرشپس دے کر اپنے ہاں تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔
پاکستان میں تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طلبہ ہمارے ملک کے سفیر بن سکتے ہیں۔ غیر ملکی طلبہ کے لیے پاکستان کے تعلیمی دروازے بند کرنا ملکی مفاد کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے صدیوں پرانے تعلقات ہیں اور افغان شہری کئی دہائیوں سے پاکستان میں مقیم رہے ہیں۔
افغان طلبہ کے مستقبل کو سیاسی معاملات سے جوڑنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ یہ صرف سیاسی نہیں بلکہ انسانی اور تعلیمی مسئلہ ہے جو غیر ملکی طلبہ کے مستقبل کا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یونیورسٹیوں کو دنیا بھر کے طلبہ کے لیے کھولنے کے بجائے محدود کرنا ملک کے مستقبل کے ساتھ زیادتی ہے اور حکومت کو غیر ملکی طلبہ سے متعلق فیصلے واپس لینے چاہئیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان باہمی مشاورت اور مذاکرات ضروری ہیں۔ سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر ملک کے بہتر مستقبل کے لیے مل بیٹھنا چاہیے۔
پاکستان کے مسائل کا حل آئینی اور جمہوری راستے سے ہی ممکن ہے۔ اہم قومی فیصلے آئین اور پارلیمانی طریقہ کار کے مطابق ہونے چاہئیں اور کوئی بھی اہم فیصلہ کابینہ اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیے بغیر نہیں ہونا چاہیے۔ عوامی مینڈیٹ کے بغیر قائم کی جانے والی حکومتیں عوام کے مسائل کا مثر حل نہیں دے سکتیں۔
ملک میں سیاسی مفاہمت اور قومی سطح پر ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ براہ راست عام آدمی کو متاثر کرتا ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی اور معاشی بحران کا شکار ہیں، مزید بوجھ ڈالنے سے مشکلات میں اضافہ ہوگا۔ عوام پر پٹرولیم قیمتوں کا مسلسل بوجھ ڈالنا کسی صورت مناسب نہیں۔
حکومت کو عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پٹرولیم قیمتوں میں اضافے سے گریز کرنا چاہیے۔امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئے روز عام شہری، پولیس اہلکار اور سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہو رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے۔