اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری نے 9 مئی واقعات کی ویڈیوز میں سہیل آفریدی کی موجودگی کی تصدیق کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی جانب سے پشاورمیں 9 مئی کے واقعات کی ویڈیوزکی تصدیقی رپورٹ تیار کی گئی ہے جس میں ادارے نے سہیل آفریدی کی ویڈیو میں موجودگی کی تصدیق کی۔
9 مئی واقعات میں وزیراعلی سہیل آفریدی کے علاوہ کامران بنگش، تیمور جھگڑا اورعرفان سلیم کی موجودگی کی بھی تصدیق کی گئی۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب فرانزک لیبارٹری نے پشاورپولیس کی درخواست پر9 مئی واقعات کی ویڈیوزاور آڈیو ویژول کا تجزیہ کیا جس کی رپورٹ پشاور کے تھانہ شرقی کی بھجوائی گئی یو ایس بی میں موجود ویڈیوز پر مبنی ہے، یو ایس بی میں موجود 16 ویڈیوز کا فریم بہ فریم تجزیہ کیا گیا، ان میں سے متعدد ویڈیوز میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ کے شواہد نہیں ملے، چند ویڈیوزمیں لوگوں اور ٹیکسٹ کے اضافے کی نشاندہی کی گئی۔
رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سہیل آفریدی اورعرفان سلیم کی دو ویڈیوز میں کلپس جوڑنے کے شواہد بھی سامنے آئے، سہیل آفریدی کی پروفائل تصویر کو 9 مئی کی ویڈیو سے ملا کر دیکھا گیا، سہیل آفریدی کی پروفائل تصویر اور ویڈیو میں موجود شخص ایک ہی ہے، عرفان سلیم کی پروفائل تصویر کی بھی ویڈیوز میں موجود ہونے کی تصدیق ہوئی، کامران بنگش کی پروفائل تصویر اور ویڈیو میں موجود شخص بھی ایک ہی قرار دیئے گئے، تیمور جھگڑا کی پروفائل تصویر اور ویڈیوز میں موجود شخص میں بھی مطابقت پائی گئی۔
پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ان ویڈیوز کا تمام تر تجزیہ صرف ویژول مواد تک محدود رکھا گیا، اس حوالے سے رپورٹ کی تیاری 19 دسمبر سے 23 دسمبر 2025 کے دوران مکمل کی گئی، انسداد دہشت گردی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پولیس سے رپورٹ طلب کی تھی، جس کے روشنی میں پشاورپولیس نے ویڈیوزتجزیئے کے لیے پنجاب فرانزک لیبارٹری بھیج دی تھیں۔