اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مکران ڈویژن کے ضلع تمپ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی جانب سے ڈپٹی کمشنر تمپ کے پروٹیکشن سکواڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں نے ڈپٹی کمشنر تمپ کے پروٹیکشن سکواڈ پر حملے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت صورتحال کا مقابلہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے حملے کے جواب میں بھرپور کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کو پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی جبکہ مشتبہ عناصر کی تلاش اور علاقے کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔
سکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔