اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کراچی میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال ، عمران خان کی رہائی، ان کی صحت، 27 ستمبر کے احتجاج اور ملک میں گندم کے بحران سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، مرکزی رہنما آفتاب جہانگیر، جنرل سیکریٹری ارسلان خالد، پی ٹی آئی سندھ کے رہنما جمال صدیقی، ایم پی اے ساجد علی خان، ایم پی اے واجد علی خان، پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان محمد علی بلوچ، صیم خان، فرخ جمیل خان، داوا خان، بیریسٹر فیاض سمور، عائشہ رشید، سرینا خان، غلام حسین سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے غیر مصدقہ اطلاعات آرہی ہیں عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں عمران خان کی صحت کی خبروں پر پوری قوم میں شدید تشویش پائی جاتی ہے
پوری قوم کا مطالبہ ہے کہ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات پر ہم نے عدالت سے رجوع کیا ہے، جبکہ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں رجسٹرار سے ملاقات ہوئی، جہاں مقدمات آئندہ ہفتے مقرر کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان تک رسائی اور ان سے ملاقات کے حوالے سے مقدمات بھی عدالت میں زیرِ سماعت ہیں۔ ہم اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی تشویشناک خبریں غلط ثابت ہوں۔ عمران خان کی آنکھ کا مسئلہ تاحال برقرار ہے اور اس کا مناسب علاج نہیں کیا گیا۔
بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کو ایک طویل عرصے سے عملاً قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے، انہیں اہلِ خانہ اور پارٹی قیادت سے ملاقات کی اجازت نہ دینا انتہائی تشویشناک ہے۔ عمران خان کی صحت اور سلامتی کروڑوں پاکستانیوں کی تشویش کا باعث ہے، وہ قوم کے عظیم اور مقبول سیاسی رہنما ہیں۔