اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اورانسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا صرف سماجی ضرورت نہیں،معاشی ترقی کی ناگزیر شرط، موثر حکمرانی کی ترجیح اور پائیدار ترقی کی بنیادی اساس ہے، ہم اپنی مشترکہ جدوجہد کے ایک نہایت اہم موڑ پر کھڑے ہیں،او آئی سی کے مختلف ممالک میں خواتین معیشتوں کو مضبوط بنا رہی ہیں، سائنسی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ پیر کو او آئی سی کی خواتین کی”9ویں وزارتی کانفرنس“سے خطاب کررہے تھے۔
کانفرنس میں چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی،وفاقی وزرا، سربراہانِ وفود، بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان اورسفارتی کور کے اراکین نے شرکت کی۔وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق اعظم نذیرتارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق 9ویں وزارتی کانفرنس کے مندوبین کو اسلام آباد میں خوش آمدید کہناباعث اعزاز و مسرت ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم یہاں صرف اپنے اپنے رکن ممالک کے نمائندوں کی حیثیت سے جمع نہیں ہوئے بلکہ ایک مشترکہ وژن کے امین بن کر اکٹھے ہوئے ہیں، ایک ایسے مستقبل کے لیے جہاں ہر خاتون کو قیادت کرنے، جدت پیدا کرنے اور مسلم دنیا کی ترقی و خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے میں تمام معزز وفود کا دلی خیرمقدم کرتا ہوں، پاکستان کے لیے یہ باعثِ فخر ہے کہ اسے اس اہم کانفرنس کی میزبانی اور صدارت کا اعزاز حاصل ہوا ہے، ہم اس ذمہ داری کو عاجزی، احساسِ ذمہ داری اور اس پختہ عزم کے ساتھ قبول کرتے ہیں کہ او آئی سی کے تمام 57 رکن ممالک کی خدمت شراکت داری، شمولیت اور باہمی اتفاقِ رائے کے جذبے کے تحت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مشترکہ جدوجہد کے ایک نہایت اہم موڑ پر کھڑے ہیں،او آئی سی کے مختلف ممالک میں خواتین معیشتوں کو مضبوط بنا رہی ہیں، سائنسی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں، اداروں کو مستحکم کر رہی ہیں، کاروباری دنیا کی قیادت کر رہی ہیں، سرکاری مناصب پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور امن و انسانی ہمدردی کی کوششوں میں بھرپور حصہ لے رہی ہیں۔