سلامتی کونسل دہشتگردی کیخلاف موجودہ نظام سے خامیاں دور کرے، پاکستان

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف نئے ، جامع اور دور اندیش بین الاقوامی ردعمل کا مطالبہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ دہشت گردی کے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے اپنے انسداد دہشت گردی کے ڈھانچے کو مضبوط بنائے اور پابندیوں کے موجودہ نظام میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے دہشت گردی کی کارروائیوں سے بین الاقوامی امن اور سکیورٹی کو لاحق خطرات نائن الیون کے 25 سال بعد۔ دہشت گردی کے خلاف سلامتی کونسل کی لڑائی کی تجدید کے موضوع پر سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے سات پاکستانیوں سمیت نائن الیون کے دہشت گرد حملوں کا نشانہ بننے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور امریکی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔نائن الیون پر عالمی ردعمل کا ذکر کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں سلامتی کونسل نے فوری کارروائی کی جس میں قرارداد 1373 کی منظوری بھی شامل ہے

جو تاحال اقوام متحدہ کے انسداد دہشت گردی فریم ورک کا ایک اہم جزو ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے فرنٹ لائن کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں، انٹیلی جنس تعاون اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ سکیورٹی ہم آہنگی نے القاعدہ کی صلاحیتوں کو نمایاں حد تک کم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ القاعدہ کے خلاف بین الاقوامی مہم میں سب سے نمایاں کامیابیاں پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں اور فعال تعاون کے ذریعے حاصل کی گئیں۔پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ پاکستان نے اس جنگ میں بہت بھاری قیمت چکائی ہے، رواں صدی کے آغاز سے اب تک سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور عام شہریوں سمیت 90 ہزار سے زائد پاکستانی دہشت گردی کا نشانہ بن کر اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں

اس کے ساتھ ساتھ مسلسل معاشی نقصانات بھی اٹھانے پڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل نے 25 سال قبل ہنگامی بنیادوں، اتحاد اور عزم کے ساتھ ردعمل دیا تھا لیکن اس کے بعد سے دہشت گردی کے خطرے کی نوعیت بدل چکی ہے، دہشت گردی کا منظرنامہ اب تبدیل ہو کر نئی شکل اختیار کر چکا ہے اور نئے خطرات ابھر کر سامنے آئے ہیں۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.