۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکمران اتحاد ملک میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے ضرورت پڑنے پر ایک اور آئینی ترمیم بھی لا سکتا ہے۔اتوار کو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے اصرار کیا کہ 26ویں اور 27ویں ترامیم نے ملک کو استحکام فراہم کیا، انہوں نے کہا کہ ’اگر اس استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے ایک اور ترمیم درکار ہوئی تو ہم اسے بھی دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر ضرور لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ جب چاہے ترمیم کر سکتی ہے، اور یہ کام پارلیمنٹ ہی کو کرنا چاہیے، پارلیمنٹ کو پارلیمنٹ ہی نظر آنا چاہیے۔
ایک سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے حالیہ استعفوں کو ’سیاسی‘ قرار دیا۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ آئین میں ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا حق ہے، جج آئین کے تحت حلف اٹھاتے ہیں، وہ کوئی سیاسی جماعت نہیں کہ آئین میں ترمیم ہو تو استعفیٰ دے دیں، انہوں نے کہا کہ آئین ججوں کی خواہش کے مطابق نہیں بلکہ پارلیمنٹ اور عوام کی خواہش کے مطابق چلے گا۔انہوں نے کہا کہ ججوں کی ہر چیز، ان کی تنخواہوں سے لے کر ان کے اختیارات تک، سب کچھ پارلیمنٹ ہی طے کرتی ہے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ مستعفی ہونے والے سینئر جج ’جانبدار‘ تھے اور ’سیاسی‘ فیصلے دے رہے تھے۔طلال چوہدری نے سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے مشہور جملے ’گڈ ٹو سی یو‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے بہت سے واقعات پیش آئے، مگر اب ماحول ویسا نہیں رہا۔27 ویں ترمیم کے ذریعے ختم کیے گئے ازخود نوٹس کے حوالے سے انہوں نے الزام لگایا کہ ججوں نے ازخود نوٹس کے بے جا استعمال کے ذریعے وزرائے اعظم کو گھر بھیجنے اور حکومت پر دباؤ ڈالنے کی روایت قائم کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے فیصل آباد میں 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے بائیکاٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی وہاں انتخابات نہیں لڑنا چاہتی جہاں اسے سخت مقابلے کا سامنا ہو