امن مذاکرات ناکام بنانے کیلئے اسرائیل فنڈنگ کررہا ہے،جے ڈی وینس

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔مشرقِ وسطی میں جاری ہولناک جنگ کے درمیان امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے براہِ راست اور کھل کر اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور امن مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایک انتہائی منظم اور بھاری فنڈڈ مہم چلا رہا ہے تاکہ اس ڈیل کو ناکام بنایا جا سکے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق دنیا کے معروف جو روگن پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے انکشاف کیا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ کو ختم کرنے اور امن معاہدے تک پہنچنے کی امریکی کوششوں کو خود ان کا قریبی اتحادی اسرائیل اندرونی طور پر نقصان پہنچا رہا ہے۔

اس سلسلے میں جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ آپ نے ایک انتہائی خفیہ اور بے پناہ فنڈنگ سے لیس مہم دیکھی ہوگی، جس کا واحد مقصد ہمارے اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کی پٹری اکھاڑنا اور ممکنہ امن معاہدے کو ناکام بنانا ہے۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اس مبینہ نیٹ ورک کے تانے بانے بے نقاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس خفیہ مہم کے لیے رقوم کی ادائیگی اس طرح کی جا رہی ہے کہ لوگوں کے ایک مخصوص گروپ کو باقاعدہ طور پر سابق ٹرمپ صدارتی مہم کے ایک اہم رکن کے ذریعے ادائیگیاں کی جا رہی ہیں، اس سابق ٹرمپ مہم کے اہلکار کو خود اسرائیلی حکومت کے اندر موجود مخصوص عناصر اور لابی کی جانب سے براہِ راست فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں، یہی فنڈڈ گروپ اب امریکی میڈیا اور سوشل میڈیا پر مجھے کو نشانہ بنا رہا ہے، مجھ پر شدید اور زہریلے حملے کر رہا ہے۔

عالمی نیوز ایجنسی رائٹرز نے رپورٹ کیا کہ جے ڈی وینس نے کہا کہ میں بغیر کسی شک و شبہے کے یہ بات جانتا ہوں کہ اسرائیلی حکومت کے اندر ایسے لوگ موجود رہے ہیں جو درحقیقت ہمیں اس پالیسی سے دور دھکیلنے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ وہ اپنی فوجی مہم کو جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ امریکی نائب صدر نے کہا کہ اگرچہ اسرائیلی حکومت کے کچھ اراکین کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات ہیں، لیکن ان کے نظام کے اندر کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کے بارے میں ہم بغیر کسی شک و شبہے کے جانتے ہیں کہ وہ امریکی عوامی رائے عامہ کو تبدیل کرنے اور اسے اپنے حق میں استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس جنگ کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھا جا سکے۔ان کا کہنا تھا کہ اتحادیوں اور حریفوں سمیت کئی ممالک امریکی پالیسی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں اور مجھے اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اسرائیل ایسا کرنے کی کوشش کرتا ہے، اور سچی بات تو یہ ہے کہ مجھے اس سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا کہ روس یا کچھ دوسرے ممالک ایسا کرتے ہیں، 2026 میں ایک سیاسی رہنما ہونے کے ناطے یہ چیز بالکل فطری ہے، جس چیز سے مجھے واقعی فرق پڑتا ہے وہ یہ ہے کہ جب یہ آپریشنز، یعنی یہ اثر و رسوخ بڑھانے کی مہمات، حقیقت میں امریکی سیاسی فیصلے کو متاثر کرنے لگیں۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.