اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے بھرپور اور بہترین تیاری کی جائے گی اور اس مرتبہ ملک و قوم کی تقدیر اور تاریخ دونوں بدل دیں گے، خیبرپختونخوا گزشتہ دو دہائیوں سے تجربہ گاہ بنا ہوا ہے اور صوبے کے عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھنے کی روش مزید قبول نہیں کی جائے گی۔اتوار کے روزوزیراعلیٰ ایک روزہ دورے پر بنوں پہنچے جہاں پاکستان تحریک انصاف کی مقامی قیادت اور کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ نے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ سٹریٹ موومنٹ ریلی کی قیادت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر خان سمیت ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی رہنما اور کارکنان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ریلی شرکاء کی جانب سے چیئرمین عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے جارہے تھے جبکہ شہر بھر میں پی ٹی آئی کے پرچم لہراتے نظر آرہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی 27 ستمبر کے لانگ مارچ کے لیے عوامی رابطہ مہم اور تیاریوں کے سلسلے میں صوبے کے مختلف شہروں کا دورہ کررہے ہیں۔ بنوں میں ہونے والی اسٹریٹ موومنٹ کو بھی اسی سلسلے کی اہم کڑی قرار دیا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ کی آمد کے موقع پر بنوں شہر کے مختلف مقامات پر استقبالیہ گیٹ قائم کیے گئے تھے جہاں کارکنوں اور حامیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے شاندار استقبال پر بنوں کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ 27 ستمبر کے مارچ کے لیے بھرپور تیاری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور اپنے مستقبل کے لیے جرات کے ساتھ باہر نکلیں۔محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 2022 تک خیبرپختونخوا میں امن تھا تاہم اس کے بعد کے حالات سب کے سامنے ہیں۔