اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔وزیراعظم کے سیاسی مشیر اور ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے واضح کیا ہے کہ مقتدرہ کی جانب سے ابھی تک حکومت سے نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر کوئی گفتگو یا پیشرفت نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی یہ موضوع فی الوقت وفاقی کابینہ یا پارلیمنٹ میں زیرِ بحث آیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جو وفاقی وزرا یا شخصیات ملک میں نئے صوبوں کا قیام چاہتے ہیں، انہیں چاہیے وہ محض زبانی باتوں کے بجائے کوئی واضح فارمولا تحریری شکل میں سامنے لائیں، کیا علیم خان نے نئے صوبوں سے متعلق کوئی باقاعدہ منصوبہ یا تجویز پیش کی؟ صرف بیانات دینے یا پوڈکاسٹ کر لینے سے نئے صوبے وجود میں نہیں آ جاتے۔رانا ثنااللہ نے تفصیلی مقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے اب تک کوئی حتمی یا ابتدائی پلان بھی تیار نہیں کیا گیا، اس وقت عجیب صورتحال ہے، کوئی کہہ رہا ہے کہ ملک میں 12صوبے بننے چاہئیں، کوئی 32صوبوں کی بات کر رہا ہے تو کوئی 20کا عدد بتا رہا ہے
کیا کوئی بھی شخص محض خیالی طور پر یہ کہہ سکتا ہے کہ ملک میں ایسا ہونا چاہیے؟۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم رہنما مصطفی کمال کا معاملہ تو محض کراچی کی حد تک محدود ہے، جبکہ مجموعی طور پر عوامی سطح پر نئے صوبوں کی کوئی مقبول یا بڑی ڈیمانڈ موجود نہیں ہے، سوائے صوبہ ہزارہ کے قیام کے مطالبے کے، ملک میں کہیں بھی عوام کی جانب سے ایسا کوئی شدید مطالبہ سامنے نہیں آ رہا ہے، حالیہ دنوں میں پاکستان مسلم لیگ ن کی اعلی قیادت نے بھی نئے صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کی، ن لیگ کی بنیادی سوچ اور حکمتِ عملی یہی ہے کہ عام آدمی کے مسائل اور ان کے انتظامی امور ان کی دہلیز پر حل ہونے چاہئیں