تنویرحسین
اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے غذائی تحفظ کا اجلاس چیئرمین سید حسین طارق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں بیجوں کے معیار، ریگولیشن، گنے کی کرشنگ اور شوگر سیکٹر سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری فوڈ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے 93 سیڈ انسپکٹرز کے نوٹیفیکیشن جاری کیے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے واضح کیا کہ بیجوں کی کوالٹی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور سندھ حکام کو بھی اس حوالے سے مؤثر اقدامات یقینی بنانے ہوں گے۔
پنجاب حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ صوبے میں بیجوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور اب تک 15 ہزار سے زائد چھاپے مارے جا چکے ہیں، جن کے دوران 36 ٹن سے زائد ناقص بیج ضبط کیے گئے۔ تاہم سیکریٹری ایگریکلچر سندھ نے بتایا کہ انہیں تاحال سیڈ انسپکٹرز کے نوٹیفیکیشن کی کاپی موصول نہیں ہوئی۔اجلاس میں گنے کی کرشنگ اور شوگر سیکٹر کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ قومی غذائی تحفظ حکام کے مطابق اب تک تقریباً 11 ملین ٹن گنے کی کرشنگ ہو چکی ہے جبکہ شوگر سیکٹر کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر کام جاری ہے۔ سیکریٹری وزارت غذائی تحفظ نے بتایا کہ اویس لغاری کی سربراہی میں قائم کمیٹی اپنا کام مکمل کر چکی ہے، آٹھ اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں اور ایک فریم ورک تیار کر لیا گیا ہے، جس پر حتمی رپورٹ جلد وزیراعظم کو ارسال کی جائے گی۔
کسانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے شوگر ایڈوائزری بورڈ برقرار رکھا جائے گا اور آئندہ ہفتے اس کا اجلاس بھی بلایا گیا ہے۔چیئرمین کمیٹی سید حسین طارق نے اجلاس میں گنے کے کسانوں کے استحصال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند روز کے لیے گنے کی قیمت 400 روپے سے بڑھا کر 470 روپے کی گئی اور پھر کم کر دی گئی، جس سے کسانوں کو کٹائی پر مجبور کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف 10 سے 12 فیصد کرشنگ ہوئی ہے جبکہ پنجاب میں تمام 40 شوگر ملز آپریشنل ہیں اور گنے کا ریٹ 400 سے 450 روپے کے درمیان چل رہا ہے۔کمیٹی نے بیجوں کے معیار کی سخت نگرانی، ناقص بیجوں کے خلاف مؤثر کارروائی اور گنے کے کسانوں کے حقوق کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے اجلاس کے اختتام پر متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کر دیں