اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کویت میں مختلف اعلیٰ سطح ملاقاتیں کیں جن کا مقصد پاکستان اور کویت کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینا تھا۔وزیر علی پرویز ملک کی کویت کے وزیر خزانہ اور کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر صبیح المخیزیم سے ملاقات ہوئی، جس میں ڈاکٹر المخیزیم نے پاکستان میں کویت کی سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی پاکستان میں نئی سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔ ملاقات میں توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے میزان بینک پاکستان کے چیئرمین ریاض الادریسی سے بھی ملاقات کی اور میزان بینک کی بہترین کارکردگی کو پاکستان میں کامیاب غیر ملکی سرمایہ کاری کی مثال قرار دیا۔ اسی طرح کویت فنڈ برائے اقتصادی ترقی کے ڈائریکٹر جنرل ولید شملان احمد سے ملاقات میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے فنڈنگ بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں، علی پرویز ملک نے کویت انویسٹمنٹ اتھارٹی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور کویت میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں، جہاں پاکستان اور کویت کے درمیان ادارہ جاتی تعاون اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر نے اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی معیشت کے لیے قیمتی اثاثہ قرار دیا۔دورے کے دوران پاکستان اور کویت نے دوطرفہ تعلقات اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا، جبکہ گلف پیٹرولیم کی جانب سے وفد کے اعزاز میں ایک عشائیہ بھی منعقد کیا گیا