اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔منگچر بازار کو آج 18 اگست 2026ء کو سکیورٹی کی بنیاد پر ایک بار پھر بند کر دیا گیا، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں معطل جبکہ تاجر برادری اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق بازار کو آج صبح سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر بند کیا گیا۔ بازار بند ہونے سے دکانیں، کاروباری مراکز اور دیگر تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں، جبکہ خریداری اور روزمرہ ضروریات کے لیے آنے والے شہری بھی مشکلات سے دوچار ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی منگچر بازار مسلسل 25 روز تک بند رہا تھا، جس کے بعد حالات میں بہتری کے باعث صرف دو روز کے لیے بازار کھولا گیا اور کاروباری سرگرمیاں بحال ہوئی تھیں۔ تاہم دو روز بعد ہی آج صبح ایک بار پھر بازار بند کر دیا گیا۔
مسلسل اور بار بار بازار کی بندش کے باعث مقامی تاجروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ تاجر برادری کا کہنا ہے کہ طویل عرصے تک کاروبار بند رہنے سے انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ عوام بھی بنیادی ضروریات کی خریداری کے لیے مشکلات کا شکار ہیں۔
مقامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنا کر بازار کو جلد از جلد معمول کے مطابق کھولا جائے تاکہ تاجروں اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔