صدرآصف علی زرداری سےوزیراعلی سرفراز بگٹی کی ملاقات بلوچستان میں امن و ترقی پر تبادلہ خیال

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان، صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صدرِ مملکت کو صوبے کی موجودہ صورتحال اور حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے صوبے میں امن و امان کے قیام، عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

 

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر اور مضبوط روابط ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور اسے اس کی ضروریات کے مطابق خصوصی توجہ اور وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔

 

صدر زرداری نے بلوچستان میں قیامِ امن کو ترقی کے لیے بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کو صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

 

صدرِ مملکت نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل اور جڑ سے خاتمہ ہو جائے گا اور صوبے میں امن و استحکام کے ساتھ ترقی کا عمل مزید تیز ہوگا۔

 

ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی محترمہ فریال تالپور اور بلوچستان کے سابق وزیر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران بلوچستان کی سیاسی، انتظامی اور ترقیاتی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر بھی گفتگو کی گئی

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.