بانی پی ٹی آئی عمران خان کو طبی سہولتیں قانون کے مطابق ملتی رہیں گی،عطا تارڑ،طلال چوہدری

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو آئین اور قانون کے تحت صحت سے متعلق تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جاتی رہی ہیں اور آئندہ بھی ان کے علاج اور طبی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔

اسلام آباد میں وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ حکومت کے سامنے آ چکا ہے، تاہم حکومت اس فیصلے پر نظرثانی کی درخواست دائر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نجی ہسپتال منتقل کرکے علاج کرانے سے متعلق عدالت کے حکم پر بھی حکومت نظرثانی کی درخواست دائر کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا مؤقف واضح ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قانون اور آئین کے مطابق علاج معالجے کی تمام مطلوبہ سہولتیں پہلے بھی فراہم کی گئی ہیں اور مستقبل میں بھی طبی سہولتوں کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور اس حوالے سے تمام اقدامات آئین، قانون اور عدالتی احکامات کے مطابق کیے جائیں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جا رہی۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.