دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، فیلڈ مارشل

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں پائیدار امن، تعاون، باہمی احترام اور تعمیری روابط کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔

دہشت گردی سمیت مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے خطرات کا مقابلہ اجتماعی حکمت عملی اور قریبی اشتراک سے ہی کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی نمایاں کوششوں، قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان نے علاقائی سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دفاع، سلامتی اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.