اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے زیرِ اہتمام ملک بھر کے طلبہ و طالبات کے لیے منعقدہ سمر کیمپ 2026 کے سلسلے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شرکاء کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں بلوچستان کی موجودہ صورتحال، دہشت گردی کے چیلنجز، قومی یکجہتی اور نوجوانوں کے کردار پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا گیا۔ نشست کے دوران طلبہ نے مختلف قومی و علاقائی موضوعات پر سوالات کیے، جن کے وزیراعلیٰ نے تفصیلی جوابات دیے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 میں پاکستان بھر کے 18 سے زائد اسٹیشنز سے چار ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شریک ہیں۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں قومی شعور، مثبت اقدار، قیادت کی صلاحیتوں اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کے دوران بلوچستان کی امن و امان کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری اقدامات اور نوجوانوں کی قومی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد، باہمی اعتماد، یکجہتی اور نوجوانوں کی مثبت سوچ ہی ایک مضبوط، مستحکم اور پرامن پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔فتنہ الہندوستان اور اس سے منسلک پراکسی عناصر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان تنظیموں کو بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان نے متعدد تنبیہات اور دوحہ معاہدے کے باوجود اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی۔
خصوصی نشست کے دوران طلبہ و طالبات نے دہشت گردی، سرمایہ کاری، اسمگلنگ، سوشل میڈیا اور بلوچستان سے متعلق دیگر اہم موضوعات پر سوالات کیے، جن کے وزیراعلیٰ نے حقائق اور حکومتی مؤقف کی روشنی میں تفصیلی جوابات دیے۔نشست کے اختتام پر شرکاء نے کہا کہ انہیں بلوچستان سے متعلق مختلف سوالات کے مدلل اور حقائق پر مبنی جوابات ملے، جبکہ ایسے مکالمے قومی ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور نوجوانوں میں مثبت سوچ کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق سمر کیمپ 2026 نوجوانوں میں قومی شعور، مثبت اقدار، قائدانہ صلاحیتوں اور حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔