اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف نے کبھی بھی ڈیفنس فورسز سے متعلق قوانین کو متنازع نہیں بنایا۔پارلیمانی راہداری میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط نہ ہو، ڈیفنس فورسز ایکٹ کا معاملہ ٹیکنیکل نوعیت کا ہے ہمارے ساتھ کچھ بات نہیں کی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام کو بھی نہیں پتہ کہ کیا قانون سازی کی جا رہی ہے، میں نے پہلے بھی مطالبہ کیا تھا کہ جو قانون سازی کرتے ہیں اس کو پہلے پارلیمان میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قانون سازی ہو تو اسے پہلے ممبرانِ اسمبلی کے سامنے رکھا جائے اور بحث کی جائے، جو کچھ آپ ایکٹ میں ڈالتے ہیں اس کو پارلیمان کے سامنے رکھا جائے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ٹیکنیکل نوعیت کا معاملہ ہے، پاکستان ہمارا ہے، پاک فوج ہماری ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاع نہیں۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف یا ہم کوئی بھی غیرذمہ دارانہ کام نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نے بہت اچھی باتیں کی ہیں، ان کا مشکور ہوں۔ ہم اصولوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، پاور شیئرنگ پر یقین نہیں کرتے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق میرے پاس کوئی اطلاع نہیں، امید ہے بانی پی ٹی آئی کو ہسپتال منتقل کردیا جائے گا۔
وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو خوش آئند سمجھتا ہوں،وزیراعظم سے کہوں گا کہ اس بار پیشکش کی حد تک نہ رکھیں، آپ آگے بڑھیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس پر کوئی عملی اقدامات کریں تاکہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جاسکے،بات چیت ہونی چاہیے، بات ہوگی تو مسائل کا حل نکلے گا۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اگر اس وقت تک منتقل نہیں کیا تو جلد سے جلد منتقل کرنا چاہیے۔