پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بہت بھاری قیمت ادا کی ہے،دہشتگردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونگے، صدر مملکت
اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ صدر مملکت آصف علی زر داری نے دہشتگردی کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوانے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی مذہب، عقیدہ، مسلک، نظریہ، شکایت، مقصد یا سیاسی مفاد کبھی بھی بے گناہ انسانوں کے قتل کا جواز نہیں بن سکتا،دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کی بلاامتیاز مذمت کی جانی چاہیے،حکومتی اداروں، صحت اور تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے، ذرائع ابلاغ اور ترقیاتی شراکت داروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور خراجِ عقیدت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ دہشت گردی کے متاثرین کی یاد اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ہم دہشت گردی کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوانے والے تمام افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور بچ جانے والے متاثرین، ان کے خاندانوں اور ان برادریوں کے ساتھ گہری یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جن کی زندگیاں تشدد کے باعث ہمیشہ کے لیے بدل گئیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت بھاری قیمت ادا کی ہے، دو دہائیوں سے زائد عرصے سے، ہمارے لاکھوں شہری، جن میں بچے، سیاسی رہنما، مسلح افواج کے اہلکار، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، امدادی کارکنان اور سرکاری ملازمین شامل ہیں، اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے لے کر آرمی پبلک اسکول پشاور کے معصوم بچوں اور اساتذہ سمیت دہشت گردی کا شکار ہونے والے بے شمار پاکستانیوں تک، دہشت گردی نے ایسے زخم دیے ہیں جو ہماری قومی یادداشت کا حصہ بن چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج بھی ہمارے شہری اور سکیورٹی اہلکار بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں قربانیاں دے رہے ہیں،ہم ان کی بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں اور دہشت گردی کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھونے والے ہر خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کوئی مذہب، عقیدہ، مسلک، نظریہ، شکایت، مقصد یا سیاسی مفاد کبھی بھی بے گناہ انسانوں کے قتل کا جواز نہیں بن سکتا۔ دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کی بلاامتیاز مذمت کی جانی چاہیے۔ عالمی برادری کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین کو دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے استعمال نہ کیا جائے اور کسی دہشت گرد تنظیم کو پناہ، مالی معاونت، اسلحہ، لاجسٹک مدد یا کسی بھی قسم کی بیرونی معاونت فراہم نہ ہو،اسی کے ساتھ، اس دن کی یاد کو ذمہ داری اور بحالی کا ذریعہ بھی بننا چاہیے
متاثرین اور دہشت گردی سے بچ جانے والے افراد اکثر برسوں تک جسمانی چوٹوں، نفسیاتی صدمے، روزگار کے نقصان، تعلیم میں تعطل اور سماجی تنہائی کا سامنا کرتے ہیں،ان کی تکالیف کا ازالہ محض فوری امداد یا ایک مرتبہ کی مالی معاونت سے نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ہمدردی، طبی اور نفسیاتی معاونت، تعلیم، بحالی، قانونی معاونت اور روزگار کے ایسے مواقع کے مستحق ہیں جو انہیں وقار کے ساتھ اپنی زندگی دوبارہ تعمیر کرنے کے قابل بنائیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان متاثرین کے لئے ایک مربوط معاونتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے پْرعزم ہے،رواں سال متاثرین کی قیادت میں ڈیجیٹل اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے، لہٰذا ہمیں ٹیکنالوجی کا ذمہ دارانہ استعمال کرتے ہوئے معلومات، امداد اور بحالی کی خدمات کو متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے قابلِ رسائی بنانا چاہیے۔