اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے تصدیق کی ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو طبی معائنے کے بعد ہسپتال سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مناسب حفاظتی انتظامات کے تحت کیا گیا۔
عطا تارڑ کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست 2026 کی درمیانی شب طبی معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ماہرِ امراضِ چشم، ماہرِ امراضِ قلب اور فزیشن سمیت مستند ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم نے ان کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔
وفاقی وزیر کے مطابق ڈاکٹروں نے مختلف طبی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد عمران خان کو طبی طور پر صحت مند قرار دیا، جس کے بعد انہیں مزید ہسپتالی علاج کی ضرورت نہیں رہی۔ طبی معائنہ مکمل ہونے پر سکیورٹی انتظامات کے تحت انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہسپتال سے روانگی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور عمران خان کو سکیورٹی حصار میں اڈیالہ جیل لے جایا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ اداروں کے اہلکار بھی موجود رہے۔