۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ عمران خان اور نئے وزیراعلی کی ملاقات ضروری ہے لیکن اگر وزیراعلی کی ملاقات نہیں ہوتی تو صوبے کو کابینہ کے بغیر نہیں چھوڑا جاسکتا۔داہگل ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیراعلی کے پی کا بانی سے ملنا ضروری ہے، پارٹی نے مختصر کابینہ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے پوری کابینہ کی توسیع کیلئے بعد میں عمران خان سے اجازت لی جائے گی۔
وزیراعلی خود دیکھیں گے کون زیادہ اہل ہے اسے کابینہ میں شامل کیا جائے گا، امید تو یہی ہے ہائی کورٹ کی اجازت سے وزیر اعلی کی ملاقات ہوجائے، اگر وزیراعلی کی ملاقات نہیں ہوتی تو صوبے کو کابینہ کے بغیر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کے پی حکومت کو کتنی بلٹ پروف گاڑیاں دی گئیں، معلوم ہوا ہے جو گاڑیاں دی گئیں وہ یو این کے استعمال میں تھیں، پی ٹی آئی ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے، دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عمل ضروری ہے، نیشنل ایکشن پلان میں درج ہے دہشت گردی کے خلاف صوبوں کی استعداد بڑھائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے کے پی کو بہترین گاڑیاں فراہم کریں، دہشت گردی کے مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔
افغان مہاجرین کو واپس بھیجنے کیلئے ٹائم فریم ہونا چاہیے اور انہیں بے عزت کرکے واپس روانہ کرنے کے بجائے عزت سے بھیجا جائے، ہم چاہتے ہیں یہ لوگ واپس جاکر ہمارے لئے خطرہ نہ بنیں، ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہم سے ہے، پاکستان کے خلاف افغانستان سمیت کوئی بھی زمین استعمال نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بلائے گئے اجلاس میں وزیراعلی کے پی کی عدم شرکت کو ایشو نہیں بنانا چاہیے، سہیل آفریدی نے بانی سے ملاقات کی درخواست کی تھی جو جائز درخواست تھی، نواز شریف اور زرداری سے بھی لوگ ملتے رہے، آج ہم نے بانی کی ہدایات کے مطابق محمود خان اچکزئی کی درخواست نیشنل اسمبلی میں جمع کرائی ہے اور محمود اچکزئی کو ہم نے اپنا اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے، 74اراکین اسمبلی نے محمود خان اچکزئی کی درخواست پر دستخط کئے ہیں۔ این اے 18ہری پور پر ہمیں اِسٹے نہیں ملا، بانی نے این اے 18کے ضمنی انتخاب لڑنے کی اجازت دی ہے، این اے 18ہری پور کی نشست پر عمر ایوب کی اہلیہ کے کاغذات جمع ہوچکے ہیں، سپریم کورٹ بار کے انتخابات میں 400ووٹوں سے ہارنا ہمارے لئے کنسرن کا میٹر ہے ہمیں بڑا دکھ اور افسوس ہوا ہے، سپریم کورٹ بار کے الیکشنز میں شکست کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں