بلوچستان کے عوام دکھ کی گھڑی میں ایرانی عوام کیساتھ کھڑے ہیں، میر سرفراز بگٹی

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ سیستان کے گورنر منصور بجار نے ملاقات کی، جس میں پاک۔ایران تعلقات، دوطرفہ تجارت، بارڈر مینجمنٹ، سرمایہ کاری، بارڈر مارکیٹس، علاقائی امن، سیکیورٹی تعاون اور معاشی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے آغاز میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایران کے سپریم لیڈر کی شہادت پر گورنر سیستان منصور بجار سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام اس دکھ کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں

اس موقع پر گورنر سیستان منصور بجار نے بلوچستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اظہارِ یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، بالخصوص بلوچستان کے عوام کی محبت اور تعاون پر ہم شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینا ہے گورنر سیستان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان موجودہ تجارتی حجم تقریباً تین ارب ڈالر ہے، تاہم مشترکہ کوششوں سے اسے بڑھا کر دس ارب ڈالر تک لے جایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی تعلقات اور تجارت کے فروغ سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ سیکیورٹی سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مدد ملے گی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان بارڈر پر بارٹر ٹریڈ کو فروغ دینے اور تجارتی حجم کو دس ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گورنر سیستان کی اس رائے سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ امن، استحکام اور بہتر سیکیورٹی ماحول کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایران کے ساتھ سرحد پر قائم ابتدائی تین بارڈر مارکیٹس کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.