محمواچکزئی اور اختر مینگل عوام کیلئے نہیں اپنی سیاسی ساکھ بچانے کی سیاست کر رہے ہیں،ضیالانگو

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔وزیر داخلہ بلوچستان میرضیاءلانگونے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کی سیاسی سرگرمیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما ملک اور عوام کے وسیع تر مفاد کے بجائے اپنی سیاسی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے سیاست کر رہے ہیں۔

وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میںسیاسی رہنماؤں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر صوبے میں امن، استحکام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کے مطابق محض سیاسی مخالفت یا حکومت پر تنقید سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات اور مثبت سیاسی رویے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو اس وقت امن و امان، ترقی، روزگار اور بنیادی سہولیات سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں تمام سیاسی قوتوں کو مل کر صوبے کے مفاد میں کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیر داخلہ نے الزام عائد کیا کہ بعض سیاسی رہنما اپنی سیاسی پوزیشن مضبوط رکھنے کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے سیاسی کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

وزیر داخلہ بلوچستان نے مزید کہا کہ حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، جبکہ سیاسی اختلاف رائے کو جمہوری انداز میں رکھنے کے لیے بھی تمام حلقوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.