پاک افغان جنگ بندی کا خیرمقدم،شہزادہ محمدبن سلمان

۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔سعودی عرب کی کابینہ نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت اجلاس میں عالمی امن و استحکام کے لیے جاری علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوری جنگ بندی اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کا خیر مقدم بھی کیا گیا۔اجلاس کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کابینہ کو فرانسیسی صدر عمانویل میکروں کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماں نے غزہ کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور فلسطینی عوام کی انسانی مشکلات کے فوری خاتمے، اسرائیلی انخلا اور منصفانہ و پائیدار امن کے لیے دو ریاستی حل کی بنیاد پر عملی اقدامات کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ریاض میں منعقدہ اجلاس میں مختلف سرکاری اداروں کے ترقیاتی پروگراموں، خدمات کے معیار اور پیداواریت میں بہتری سے متعلق منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

کابینہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مملکت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا کر پائیدار ترقی اور خوشحال مستقبل کے لیے کوشاں رہے گی۔کابینہ نے مکہ مکرمہ میں کنگ سلمان گیٹ منصوبے کے آغاز کو ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا، جو حرمین شریفین کے زائرین کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے اور مرکزی علاقے کی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔اجلاس میں رہائشی منصوبوں کے تسلسل اور مملکت کے مختلف علاقوں میں متوازن رئیل اسٹیٹ ترقی کے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے کہا کہ ان منصوبوں سے شہریوں کے لیے متنوع رہائشی اختیارات فراہم ہوں گے، جب کہ سعودی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں اور ترقیاتی کمپنیوں کی شمولیت میں اضافہ ہوگا۔مزید برآں، کابینہ نے تعلیم، دیہی ترقی اور ریل ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں عالمی اداروں کی جانب سے سعودی عرب کو دیے گئے ایوارڈز کو ریاستی اداروں کی کامیاب حکمتِ عملی اور بین الاقوامی سطح پر قیادت و مسابقت کے اعتراف کے طور پر سراہا۔

کابینہ نے سعودی انٹرنیشنل ریلوے کانفرنس و نمائش کے کامیاب انعقاد کی بھی تعریف کی، جس میں دنیا کے 22 ممالک نے شرکت کی اور 50 سے زائد معاہدے و مفاہمت کی یادداشتیں دستخط کی گئیں۔ یہ تمام اقدامات قومی ٹرانسپورٹ و لاجسٹک حکمتِ عملی کے اہداف کے مطابق ہیں۔اجلاس کے دوران کابینہ نے مختلف کمیٹیوں کی رپورٹس کا جائزہ لیا، جن میں مجلس الشوری، سیاسی zو سکیورٹی امور، اقتصادی و ترقیاتی امور اور ماہرین کی کمیٹی کی سفارشات شامل تھیں۔کابینہ نے وزیر خارجہ کو اختیار دیا کہ وہ سوڈان کے ساتھ سعودی سوڈانی کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے معاہدے پر مذاکرات کریں اور اس پر دستخط کریں۔مزید یہ کہ کابینہ نے سعودی حکومت اور عرب مرکز برائے خشک و نیم خشک علاقوں کے مطالعہ (اکساد)کے درمیان ہیڈکوارٹر معاہدے کی منظوری دی، اور ریاض میں برطانیہ کی یونیورسٹی اسٹراتھ کلائڈ کا ایک نیا کیمپس قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔آخر میں، کابینہ نے وزارتِ داخلہ کو اختیار دیا کہ وہ بلدیاتی جائیدادوں کے تصرف کے ضوابط کے تحت ان جائیدادوں کی سرمایہ کاری سے متعلق احکامات نافذ کرے جو وزارت کے زیرانتظام رہائشی، تعلیمی، سکیورٹی یا مہمان نوازی کے مقاصد کے لیے مختص ہیں

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.