اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔امریکی سینٹرل کمانڈ(سینٹکام)نے کہا ہے کہ فوج نے ایران پر مسلسل گیارہویں رات فضائی حملے مکمل کر لیے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سینٹکام کے بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج نے ایرانی فوجی آپریشنز مراکز، بحری صلاحیتوں، طیاروں کے ہینگرز، ڈرون ذخیرہ گاہوں اور فوجی لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران ایران نے علاقائی اور عالمی تجارت کے لیے اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہ سے گزرنے والے 30سے زائد تجارتی جہازوں پر حملے کیے۔سینٹکام نے دعوی کیا کہ ان بلاجواز حملوں سے سیکڑوں بے گناہ ملاحوں کی جانیں خطرے میں پڑیں اور بین الاقوامی آبی راستوں میں آزادانہ جہاز رانی متاثر ہوئی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کشیدگی کے باوجود آبنائے ہرمز تجارتی جہازوں کی آمدورفت کے لیے کھلی ہوئی ہے، جبکہ مئی کے آغاز سے اب تک امریکی افواج نے تقریبا 900تجارتی جہازوں اور 450ملین بیرل خام تیل کی محفوظ نقل و حمل میں مدد فراہم کی ہے۔
ادھرایرانی پاسداران انقلاب نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کویت کے علی السالم ائیر بیس کے اطراف نصب ابتدائی انتباہی ریڈار اور ٹیکٹیکل ریڈار کمپلیکس کو تباہ کردیا ہے۔اس کے علاوہ بوبیان جزیرے پر موجود ایک اور ریڈار نظام کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اس کی کارروائی میں ان ریڈار نظاموں کو تباہ کر کے ناکارہ بنا دیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جارحیت کرنے والے کو سزا دینے کا آپریشن جاری رہے گا۔دوسری جانب عراقی سکیورٹی ذرائع نے بتایاکہ اربیل شہر میں امریکی قونصل خانے کے قریب 3ڈرون مار گرائیگئے، اربیل کے ائیر پورٹ پر پروازیں عارضی طور پر روک دی گئیں۔