اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، قومی سلامتی کے چیلنجز پر خطاب، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بیک وقت متعدد اور مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں روایتی، غیر روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، اطلاعاتی، عسکری اور معاشی محاذ شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر لے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نے آج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس میں شریک سول و عسکری افسران کے پینل کی جانب سے قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے درکار اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدلتے ہوئے عالمی، علاقائی اور داخلی سلامتی کے پیچیدہ منظرنامے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو بیک وقت متعدد اور مسلسل چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں روایتی، غیر روایتی، انٹیلی جنس، سائبر، اطلاعاتی، عسکری اور معاشی محاذ شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمہ جہتی تیاری، مسلسل خود کو ڈھالنے کی صلاحیت اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے درمیان مربوط ہم آہنگی ناگزیر ہے۔فیلڈ مارشل نے کہا کہ دشمن عناصر براہِ راست محاذ آرائی کے بجائے بالواسطہ اور مبہم طریقے اختیار کر رہے ہیں، جن میں پراکسیز کے ذریعے داخلی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانا شامل ہے۔ انہوں نے مستقبل کی قیادت پر زور دیا کہ وہ ان پیچیدہ اور کثیرالجہتی فکری و ادراکی چیلنجز کو بروقت پہچاننے اور مؤثر انداز میں ناکام بنانے کی صلاحیت رکھے۔انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ غیر یقینی حالات میں واضح اور بروقت فیصلے کرنے کی صلاحیت اور فکری مضبوطی آج کے متنازع اور پھیلے ہوئے سلامتی ماحول میں انتہائی اہم اوصاف ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ این ڈی یو اسٹریٹجک سوچ رکھنے والے رہنماؤں کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جو علمی و پیشہ ورانہ تربیت کو مؤثر پالیسی سازی اور عملی نتائج میں ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ عسکری تعلیم ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط بنانے، مقامی استعداد بڑھانے اور طویل المدتی قومی استحکام کے لیے بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل نے شرکاء کی تجزیاتی سوچ کو سراہا اور انہیں دیانت، نظم و ضبط اور بے لوث خدمت کی اقدار پر ثابت قدم رہنے کی تلقین کی۔نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کا یونیورسٹی کے صدر نے پرتپاک استقبال کیا