ہر غلط چیز کو حکومت کے کھاتے میں ڈالنا کون سی سیاست ہے ، میر ضیاء لانگو

اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے محمود خان اچکزئی کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی جان کے خوف کی وجہ سے دہشت گرد تنظیموں کا نام نہ لے کر غلط بیانی کر رہے ہیں اور اصل حقائق پشتونوں سے چھپانا دوستی نہیں بلکہ دشمنی کے مترادف ہے، جبکہ سرانان حملے کی ذمہ داری دہشت گرد تنظیم خود قبول کر چکی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ خوف اور ڈر ہے جو ہمارے لیڈروں کے دلوں سے نہیں نکل سکتا، جو کہ دوغلے پن کے مترادف ہے۔ ایک دہشت گرد تنظیم سرانان حملے کو خود نہ صرف تسلیم کر رہی ہے بلکہ تصویریں بھی ریلیز کر چکی ہے، لیکن ہمارے لیڈروں میں ہمیشہ دو چیزوں کی ضد دیکھی گئی ہے۔ پہلی شارٹ کٹ یہ ہوتا ہے کہ ہر چیز کو حکومت کے کھاتے میں ڈالنا ہے جس سے ملک اور ریاست کی بدنامی ہو، اور دوسری بات یہ ہے کہ لیڈران کو اپنی جان کا خوف لگا ہوا ہے

جس کی وجہ سے وہ دہشت گرد تنظیم کا نام نہیں لے رہے اور عوام سے اصل حقائق چھپا کر شارٹ کٹ راستہ اختیار کرتے ہوئے سب کچھ حکومت کے سر ڈال دیتے ہیں۔وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حقیقت پوری دنیا کو پتا ہے، اس لیے جو اپنے آپ کو لیڈر کہتے ہیں ان کو نہیں ڈرنا چاہیے بلکہ لیڈرز کو میدان میں عوام کی قیادت کرنی چاہیے اور حقیقت بات لوگوں تک پہنچانی چاہیے۔

محمود خان اچکزئی سمیت پشتون لیڈر پشتونوں کی ترقی و خوشحالی اور انہیں جدید دنیا کے تقاضوں کے مطابق دیگر اقوام کے برابر لانے کے لیے آواز اٹھائیں تو یہ بہت اچھی بات ہے جس سے نہ صرف پشتون قوم بلکہ پوری دنیا خوش ہوگی، لیکن افسوس کہ پشتونوں کو اصل بات، حقائق اور سچائی بتانے اور صحیح راستہ دکھانے کے بجائے غلط راستہ دکھانا پشتون دوستی نہیں بلکہ دشمنی ہے۔

آپ بھی پسند کر سکتے ہیں۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.