اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ جغرافیائی و سیاسی تنازعات اور ایندھن کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث عالمی توجہ توانائی کی منتقلی سے بڑھ کر توانائی کے تحفظ کے فوری چیلنج کی جانب مرکوز ہو گئی ہے، ادویات کی قابلِ استطاعت قیمتوں، تجارتی پائیداری اور فراہمی کے تسلسل کے درمیان توازن کی ضرورت ہے، لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کو فعال بنانے میں سست پیش رفت قابل تشویش ہے
موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی صلاحیت کا آغاز ملکی معاشی استحکام اور مناسب مالیاتی و بیرونی گنجائش سے ہونا چاہیے۔ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر مختلف شخصیات سے ملاقاتوں اور مذاکروں میں گفتگو کررہے تھے۔ وزیر خزانہ نے توانائی کے تحفظ، ایوی ایشن کے شعبے میں تعاون، صحت کے پروگرام پر عملدرآمد اور موسمیاتی مالیات کے حوالے سے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ نے عالمی اقتصادی فورم کے زیرِ اہتمام نئی معیشت میں ترقی کو توانائی فراہم کرنے کے موضوع پر اعلیٰ سطحی مکالمے میں شرکت کی۔
جاری جغرافیائی و سیاسی تنازعات اور ایندھن کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث عالمی توجہ توانائی کی منتقلی سے بڑھ کر توانائی کے تحفظ کے فوری چیلنج کی جانب مرکوز ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شمسی توانائی کے شعبے میں نمایاں توسیع ہوئی ہے جس میں بڑی حد تک نجی شعبے نے کردار ادا کیا، یہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لیے قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔ وزیرِ خزانہ نے زور دیا کہ توانائی کی فراہمی کے حصول میں مشکلات کے وسیع تر معاشی اثرات مرتب ہوتے ہیں کیونکہ توانائی کا تحفظ غذائی تحفظ اور مجموعی معاشی مضبوطی سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔
بوئنگ گلوبل کے صدر ڈاکٹر برینڈن نیلسن سے بھی ملاقات کی جس میں پی آئی اے کے فضائی بیڑے کی جدیدکاری اور پاکستان کے ایوی ایشن کے شعبے میں وسیع تر تعاون پر گفتگو ہوئی۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے بوئنگ کی جانب سے پی آئی اے کو نئے طیاروں کی خریداری کے لیے نظرثانی شدہ تجویز پیش کرنے کی تصدیق کا خیرمقدم کیا، طیاروں کی جلد ترسیل کے ممکنہ مواقع اور عبوری طور پر طیارے لیز پر لینے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔