۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔ سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ نفرت، جھوٹ، گالی گلوچ کی سیاست کو عوام نے مسترد کر دیا،(ن) لیگ کے جانے کے بعد بہت تباہی ہوئی، ملک کا ستیاناس کر دیا گیا، پی ٹی آئی کے دور میں صرف تباہی ومہنگائی آئی، بدتمیزی عام ہوئی،ملک دیوالیہ ہونیوالا تھا،آج عوام نے انہیں مسترد کردیا،بانی پی ٹی آئی صرف اکیلا مجرم نہیں بلکہ اسے لانے والے بھی مجرم ہیں، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کا کہا گیا، یہ کیسا بائیکاٹ تھا جس میں عمر ایوب کی بیگم الیکشن لڑرہی تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نومنتخب ارکان اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نواز شریف نے کہا کہ نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں، اللہ کے فضل سے جھوٹ، بدتمیزی، بدتہذیبی اور فتنے کو شکست ہوئی۔ضمنی انتخابات میں لوگوں نے کارکردگی کو ووٹ دیا۔ضمنی انتخابات میں کامیابی پر شہباز شریف اور مریم نواز کو مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کے بائیکاٹ کا کہا گیا، یہ کیسا بائیکاٹ تھا جس میں عمر ایوب کی بیگم الیکشن لڑرہی تھی، عوام نے ضمنی انتخابات میں جھوٹ اور نفرت کی سیاست کو مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں صرف تباہی آئی، بدتمیزی کا کلچر عام کیا گیا اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا، پی ٹی آئی اپنے دور میں مہنگائی بڑھا کر 39فیصد پر لے آئی جبکہ ہمارے دور میں مہنگائی صرف تین فیصد پر تھی، اگر ترقی کا سفر جاری رہتا تو پاکستان کا دنیا میں آج ایک مقام ہوتا اور آئی ایم ایف کی فکر نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ 2018 سے 2022 کے دوران جو کچھ ہوا اس کے ذمہ دار پی ٹی آئی والے ہیں، نفرت، جھوٹ، فساد فتنہ کی سیاسی پی ٹی آئی نے متعارف کرائی ایسے حالات میں بھلا ملک کیسے ترقی کرسکتا تھا؟ گزشتہ دور حکومت میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔
بانی پی ٹی آئی صرف اکیلا مجرم نہیں بلکہ اسے لانے والے بھی مجرم ہیں۔نوازشریف نے کہا کہ ہمیں تو آج کل یہ فکر ہے کہ آئی ایم ایف فیصلہ کرنے دے گا یا نہیں کرنے دے گا، ہم کئی فیصلے خود نہیں کرسکتے، اگر ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج آئی ایم ایف کی فکر نہ ہوتی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آج میرٹ پر کام ہورہا ہے، ترقیاتی کام ہورہے ہیں، لیپ ٹاپ مل رہے ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں، گرین بسیں چل رہی ہیں، امن و امان کی حالت بہتر ہوگئی، مذاہب کی تفریق کے بغیر راشن کارڈ مل رہے ہیں اور مزید منصوبے ابھی سامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور مریم نواز تو میرے سے بھی آگے نکل گئے ہیں، شہباز شریف اور مریم نواز بہت اچھے کام کر رہے ہیں، میں خوش ہوں یہ مجھ سے اور زیادہ آگے نکل جائیں۔نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف بڑا اچھا بھائی پیار کرنے والا بھائی ہے، مجھ سے جو مدد ہوتی ہے وہ کرتا ہوں، انہوں نے کہا کہ عوام نے کارکردگی کی بنیاد پر ہمیں ووٹ دیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ سب سے پہلے سر جھکا کر کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، نوازشریف اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں، تمام نومنتخب ارکان اسمبلی کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ تمام حلقوں میں کارکنوں نے سخت محنت کی، میانوالی میں بھی تبدیلی آگئی ہے، مسلم لیگ (ن) نے مشکلات کا بہادری سے سامنا کیا اور کبھی الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کیا، الیکشن کا بائیکاٹ انہوں نے بھی نہیں کیا، انہوں نے ہر جگہ اپنے امیدوار کھڑے کئے تھے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ سازشیں کرنے والے تاریخ کی کتاب میں بند ہو گئے، عوام کو سمجھ آگئی ہے اب عوام ان کے جلسوں میں نہیں آتے، ان کی حکومت کے چار سال بدترین دور تھا، 4 برسوں میں سیاست کو داغدار کیا گیا، اب کوئی کسی کے بہکاوے میں نہیں آئے گا، عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق جان گئے ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن سب کے سامنے ہے، ہم اس دورمیں بھی دھاندلی کے باوجود کامیاب ہوئے، خدمت کی سیاست کو مٹایا نہیں جاسکتا، نوازشریف کو تین دفعہ عوام نے وزیراعظم بنایا، پاکستان کی تاریخ میں کوئی شخص تین دفعہ وزیراعظم نہیں بنا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ تین دفعہ سازش کر کے نوازشریف کو نکالا گیا، ہر دور میں کہا گیا نوازشریف کا دور ختم ہوگیا، نوازشریف 40 سال میں پہلا لیڈر ہے جو آج بھی تاریخ رقم کر رہا ہے، 40سال سے نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والے خود ختم ہوگئے۔مریم نواز نے کہا کہ ہمیں موروثی سیاست کا طعنہ دینے والوں کے اہل خانہ الیکشن میں کھڑے تھے، گزشتہ دورحکومت میں سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا گیا، ہمیں وراثت میں بدتمیزی، انتقام لینا نہیں سکھایا گیا، ہمیں وراثت میں عوام کی خدمت کرنا سکھایا گیا۔
اگر نوازشریف کے ترقیاتی کام نکال دیں تو پیچھے کھنڈرات بچتے ہیں، گزشتہ حکومت کے 4 برسوں میں ہر قسم کی تباہی لائی گئی، جب اقتدار سنبھالا تو ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جا رہی تھیں، آج مہنگائی 40سے 4فیصد پر آئی ہے۔مریم نواز کا کہان تھا کہ یہ نوازشریف کی تین فیصد مہنگائی کو 40 فیصد پر نالائقی کی وجہ سے لے کر گئے، دھرنے، جلسوں، بائیکاٹ کی کال کوعوام نے صاف انکار کر دیا ہے، پنجاب کے عوام کواچھا علاج اورسستی روٹی مل رہی ہے، خیبرپختونخوا کے لوگ بھی پنجاب علاج کے لیے آ رہے ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے روٹی کی قیمت نہیں بڑھی، باقی صوبوں میں بڑھی، پنجاب میں 20 روپے میں عوام کو آرام دہ سفر کی سہولیات ملتی ہیں، پنجاب میں امن وامان کی صورتحال بھی بہترہے۔انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کے تحت سڑکوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے، پنجاب کی گلیاں، سڑکیں صاف ہو رہی ہیں اسی لیے (ن) لیگ کو ووٹ ملا، خوشی اس بات کی ہے ان کی منفاقت عیاں ہو چکی ہے، لوگوں کو سمجھ آگئی ہے ترقی کی چابی صرف (ن) لیگ کے پاس ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں کام کر کے دکھایا اور کام کرنا آتا ہے، مسلم لیگ (ن) کا فیوچر بھی بہت برائٹ ہے، نومنتخب ارکان اسمبلی حلقوں میں عوام کی خدمت کریں، اللہ تعالی نوازشریف کو لمبی عمر دے اور ہماری سرپرستی کرتے رہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ چھوٹے شہروں کو آج گرین بس کی آرام دہ سواری میسر ہے، 30ہزار کلومیٹر سڑکیں بنائی گئیں، کسانوں کے لیے بہترین اقدامات کیے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ عوام نعرے اور عملی اقدامات میں فرق جان گئے ہیں، ہم ملک کو پھلتا پھولتا اور ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، سازشیں کرنے والے تاریخ کی کتاب میں بند ہو گئے ہیں، ہم نے دوسروں کو چور، ڈاکو کہنے کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ مرکوز کی ہے