افواج کو مستقبل میں جنگوں کیلئے تیار رہنا ہوگا،جنرل ساحر شمشاد مرزا
۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا 3 سال عہدے پر رہنے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اپنے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی الوادعی تقریب سے خطاب کیا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ہمارے ارد گرد کی دنیا ایک ناقابل تصور رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے، اس تبدیلی سے ہماری اندرونی اور بیرونی آزمائشوں پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
یہ اثرات ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر جنگ تک محیط ہیں، ان حالات میں ہماری مسلح افواج کو زیادہ ہم آہنگی، مشترکہ تعاون اوریکسوئی کے ساتھ تیار رہنا ہوگا۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی، مشترکہ حکمت عملی اور تعاون کو اہم ضرورت سمجھتا ہوں ناکہ ایک خواہش، یہ مستقبل کے چینجلز کا سامنا کرنے کے لیے ایک ناگزیر تنظیمی اصلاح ہے۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ایک مکمل بااختیار اور مناسب صلاحیت سے لیس مسلح افواج، نظام کے لیے ایک عملی ضرورت ہے، ہماری افواج کو مربوط حکمت عملی سے مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار رہنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ تینوں افواج بالخصوص جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر کے لیے نیک تمنائیں اور دعائیں ہیں، یہ ڈھانچہ جس طرح بھی قائم کیا جائے اسے اپنی نئی ذمہ داریوں کو ایمانداری اور عزم کے ساتھ پورا کرنا چاہیے۔
27ویں آئینی ترمیم کے تحت ان کی سبکدوشی کے ساتھ ہی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کا عہدہ بھی ختم ہوگیا ہے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا 3 سال عہدے پر رہنے کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے ہیں۔جنرل ساحر شمشاد مرزا نے پاک فوج میں 40 سالہ شاندار عسکری خدمات مکمل کیں۔جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اِنٹر سروسز فورم تھا جو تینوں مسلح افواج کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کیلئے کام کرتا تھا۔پارلیمنٹ کی جانب سے منظور کردہ 27ویں آئینی ترمیم کے نتیجے میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم کردیا گیا جبکہ آرمی چیف اب چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے