اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نوجوان پیشہ ور افراد کو قومی ترقی میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے مزید مواقع فراہم کرتی رہے گی۔وہ پیر کو وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات کے زیر اہتمام جاری اڑان اوورسیز پاکستانی سمر سکالرز پروگرام کے شرکا سے ایک خصوصی نشست میں اظہار خیال کررہے تھے۔ یہ چھ ہفتوں پر مشتمل انٹرن شپ پروگرام دنیا کی ممتاز جامعات میں زیر تعلیم اوورسیز پاکستانی طلبہ اور نوجوان محققین کو پاکستان کے سرکاری اداروں سے منسلک ہونے اور اپنی تعلیم، تحقیق اور بین الاقوامی تجربے کو قومی ترقی و خوشحالی کیلئے بروئے کار لانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
وفاقی وزیرِخزانہ نے شرکا کا وزارت خزانہ میں خیرمقدم کرتے ہوئے اس پروگرام کو بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو وطن سے جوڑنے کی ایک اہم کاوش قرار دیا۔ انہوں نے نوجوان سکالرز پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط رکھیں اور اپنے علم، جدت اور عالمی تجربے کو ملک کی طویل المدتی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے استعمال کریں۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال اور حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
گزشتہ ڈھائی برسوں میں حکومت نے معاشی استحکام کے حصول کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے اور اب توجہ پائیدار اقتصادی ترقی پر مرکوز ہے جس کیلئے برآمدات میں اضافہ، سرمایہ کاری کا فروغ، مالیاتی نظم و ضبط اور ساختی اصلاحات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی معاشی حکمت عملی کا بنیادی ستون ہے۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں حالیہ بہتری اور عالمی مالیاتی منڈیوں کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے پاکستان کی عالمی سرمایہ مارکیٹ میں کامیاب واپسی خصوصا پہلے پانڈا بانڈ کے اجرا کو ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت جدید مالیاتی ذرائع کے ذریعے سرمایہ کاری اور مالی وسائل کے نئے مواقع پیدا کرنے پر کام کر رہی ہے۔