اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بنیادی شرحِ سود کو 11اعشاریہ 50فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مانیٹری پالیسی کمیٹی نے ملکی معاشی اعشاریوں، مہنگائی کی صورتحال، بیرونی شعبے کی کارکردگی اور مالیاتی استحکام کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد موجودہ شرح سود برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اس وقت ملک میں مہنگائی کی رفتار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور جولائی سے فروری تک اوسط مہنگائی کی شرح 5اعشاریہ 5فیصد ریکارڈ کی گئی، جو معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان مستقبل میں بھی مہنگائی کو اپنے ہدف کے مطابق رکھنے کے لیے محتاط مالیاتی پالیسی جاری رکھے گا۔گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مالی سال 2026 میں کرنٹ اکانٹ خسارہ 13کروڑ 90لاکھ ڈالر رہا، جبکہ مالی سال 2027 کے دوران کرنٹ اکانٹ خسارہ مجموعی قومی پیداوار یعنی جی ڈی پی کے تناسب سے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے
جو بیرونی شعبے میں استحکام کی عکاسی کرتا ہے، دسمبر 2026 تک ترسیلاتِ زر 20.20ارب ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ برقرار ہے اور عالمی معاشی چیلنجز کے باوجود اس حوالے سے مثبت توقعات موجود ہیں انہوں نے کہا کہ برآمدات اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں