اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔ پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ملک میں غریب اور امیر کے لیے دو الگ نظام قائم ہیں، پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی اموات اسی ناکام نظام کا نتیجہ ہیں، عوام کے ووٹ اور بنیادی حقوق کا تحفظ کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی مرکزی قیادت کے ہمراہ 3 سے 6 ستمبر تک سندھ کا دورہ کریں گے جبکہ 6 ستمبر کو کراچی میں جلسہ ہوگا۔انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پمز اسپتال میں 14 نومولود بچوں کی شہادت انتہائی افسوسناک سانحہ ہے۔
ذمہ دار افراد کے تعین کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے تاہم سوال یہ ہے کہ ملک کس سمت جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پیش آنے والا سانحہ ملک کے کسی بھی حصے میں ہوسکتا ہے، اس لیے صرف یہ دیکھنا کافی نہیں کہ نظام کہاں ناکام ہوا بلکہ اصل نظام کو درست کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں غریب اور امیر کے لیے دو نظام مسلط ہیں، جہاں امیر کے بچے جاتے ہیں وہاں غریب کا بچہ نہیں جاسکتا۔ 1980 کی دہائی تک سرکاری اسکولوں کا نظام بہتر تھا اور امیر و غریب کے بچے ایک ہی اسکولوں میں تعلیم حاصل کرتے تھے، بعدازاں مہنگے انگلش میڈیم اسکول قائم ہوئے جہاں غریب بچے بھاری فیسوں کے باعث تعلیم حاصل نہیں کرسکتے۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جاتے، ہم ان بچوں کی صلاحیت ضائع کررہے ہیں۔
طبقاتی تفریق نے ملک کے مستقبل کو نقصان پہنچایا ہے اور پمز کا واقعہ بھی اسی نظام کی ناکامی کی عکاسی کرتا ہے۔ بنیادی صحت یونٹس میں زیادہ تر غریب عوام جاتے ہیں، اس لیے صحت کا نظام ان کے لیے بہتر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے تقریباً 40 فیصد بچے عمر کے لحاظ سے ذہنی نشوونما میں پیچھے ہیں، ایسے بچوں کی صلاحیت ضائع ہونا ملک کے مستقبل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امیر اور غریب کے بچوں کو یکساں تعلیم اور مواقع دینے کی بات کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے الزام عائد کیا کہ آج آواز اٹھانے والے کو اٹھا لیا جاتا ہے، سچ بولنے والے صحافیوں کو اداروں سے نکال دیا جاتا ہے جبکہ حق کی بات کرنے والے ارکان اسمبلی کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے لاہور میں میلاد النبیؐ کے پروگرام میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت بھی کی۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ غریب اپنی آواز ووٹ کے ذریعے بلند کرتا ہے لیکن اس کا ووٹ چوری کیا گیا۔