۔۔۔اُستمان نیوز۔۔۔بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے توہین عدالت درخواست دائر کرنے کا اعلان کردیا۔داہگل ناکے پر گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم توہین عدالت کی پٹیشن دے رہے ہیں چونکہ تین ججز کی حکم عدولی ہوئی ہے، ہمارے قائد کے کیسز کی سپریم کورٹ میں سماعت نہیں ہو رہی، ہم سپریم کورٹ سے یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمارے وکلا سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں آپ آئین کی بالادستی قائم کریں۔
پاکستان میں انصاف نہیں ہورہا کسی کے ایما پر فیصلے ہو رہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں جس دن انصاف ہوگا عمران خان جیل سے باہر ہوگا، ججز نے تو خود خط لکھ کر بھیجا ہے کہ ان کے فیصلوں میں مداخلت کی جارہی ہے، ہم ججز سے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں جمہوریت ہے اور جمہوریت میں طاقت کا سر چشمہ عوام ہوتے ہیں، ججز ان لوگوں کے نام بتائیں جو فیصلوں میں مداخلت کررہے ہیں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ میری ملاقات کے نہ ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ مجھے بانی کے پیغامات نہیں مل رہے۔صحافی نے پوچھا کہ آپ کو پیغامات مل رہے ہیں تو پھر کابینہ تشکیل کیوں نہیں ہورہی؟ اس پر وزیراعلی نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ مجھے بانی سے ملنے کیوں نہیں دیا جارہا؟ جبکہ میں عوام کے مینڈیٹ سے یہاں پہنچا ہوں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے جسٹس لائرز فورم کے وکلاء کی انصاف لائرز فورم میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے اور انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔
اس سلسلے میں گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں جسٹس لائرز فورم کے 94 وکلاء نے انصاف لائرز فورم میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انصاف لائرز فورم میں نئے شامل ہونے والے وکلاء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہم ایک ریاست دو دستور کا کلچر ختم کرنے آئے ہیں،ہماری جدوجہد حقیقی آزادی اور قانون کی بالادستی کی تحریک ہے، جس میں وکلاء برادری کا مرکزی کردار ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو مفلوج کیا گیا ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت معاشرے کے تمام شعبوں کی ترقی کے لیے پرعزم ہے، صوبے کی بار ایسوسی ایشنز کے لیے 42 کروڑ روپے کی گرانٹس منظور ہو چکی ہیں جو چند دنوں میں فراہم کی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے آئین و قانون کو مکڑی کا جالا نہیں بننے دینا جس میں کمزور پھنس جائے اور طاقتور نکل جائے، آئین اور قانون سب کے لیے برابر ہیں، ہم نے طاقتور اور ناانصافی کرنے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لانا ہے۔ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کی عمران خان سے ملاقات کرانے کے عدالتی احکامات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا گیا، سڑک پر بیٹھنا ان کی کمزوری نہیں بلکہ عدالتوں کی بے بسی ہے جو اپنے احکامات پر عملدرآمد کرانے سے قاصر ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر ججز یرغمال ہیں تو عوام کو بتائیں تاکہ انہیں آزاد کرایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری جدو جہد عدلیہ کی آزادی، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور میڈیا کی آزادی کے لیے ہے