اُستمان نیوز۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔کوئٹہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ زمین، وسائل اور عوامی مسائل کا حل طاقت کے استعمال سے نہیں بلکہ مذاکرات، باہمی اتفاق اور آئینی طریقۂ کار سے نکالا جانا چاہیے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عوام کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے یا تصادم کی فضا پیدا کرنے سے نہ بلوچستان، نہ پاکستان اور نہ ہی کسی خطے کا کوئی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد، سیاسی استحکام اور آئین کی بالادستی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں تحصیل اور ضلعی سطح پر سیاسی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم کی تجویز دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے بھی شرکت کی اپیل کی جائے گی تاکہ آئین، جمہوریت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ آواز بلند کی جا سکے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ عوام کو لشکر بنانے یا ایک دوسرے کے مقابل لانے کے بجائے سیاسی مسائل کا حل جمہوری اور آئینی راستے سے نکالا جانا چاہیے، کیونکہ ملک کے موجودہ حالات قومی اتحاد اور دانشمندانہ فیصلوں کے متقاضی ہیں۔